فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی ایم ڈی ڈبل تنخواہ وصول کرتی رہیں


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی ایم ڈی کا فراڈ بے نقاب‘ دوہری تنخواہ ‘لاکھوں روپے کی اضافی مراعات لیتی رہیں۔ معاملہ سپریم کورٹ تک جا پہنچا مگر سفارشی ایم ڈی کو ہٹانے کیلئے حکومت تیار نہیں ہورہی۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی ایم ڈی ام لیلیٰ نقوی کے حوالے سے سامنے آچکا ہے کہ ان کی فیصل آباد پارکنگ کمپنی میں تعیناتی ہی غلط طریقے سے ہوئی ہے۔ متعلقہ اداروں کے این اوسی کے بغیر سابق ڈی سی او نورالامین مینگل نے غیرقانونی طریقے سے انہیں ایم ڈی لگا دیا تھا۔ تعیناتی سے قبل فیصل آباد پارکنگ کمپنی کے ایم ڈی کی سیٹ کیلئے اشتہار بھی نہیں دیا گیا جبکہ قانونی تقاضے بھی پورے نہیں ہیں۔ اسی تناظر میں سامنے آیا ہے کہ سرکاری تنخواہ کے ساتھ ام لیلیٰ نقوی ایم ڈی پارکنگ کمپنی کی تنخواہ الگ سے وصول کرتی رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ لاکھوں روپے غیرقانونی مراعات بھی وصول کرتی رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ام لیلیٰ نقوی کی غیرقانونی تعیناتی اور اضافی تنخواہ و مراعات کا معاملہ سپریم کورٹ میں بھی گیا ہے اور سپریم کورٹ نے ایسے تمام افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے جو پرائیویٹ کمپنیوں میں تعینات ہیں مگر اس کے باوجود حکومت سفارشی تعینات ایم ڈی فیصل آباد پارکنگ کمپنی کو ہٹانے سے گریزاں ہے۔

Related posts