جیو اور جنگ گروپ کی چھتر چھایہ تلے ’’ہم نیوز‘‘ کا آغاز


فیصل آباد(احمد یٰسین)پاکستان کے بڑے میڈیا ٹائیکون جنگ گروپ نے جیو کے بعد ہم نیوز کے نام سے ایک نیا نیوز چینل مسابقتی میدان میں اتارنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کچھ طاقتوں کو خاص پیغام دینے کیلئے ’’ہم نیوز‘‘ کو بظاہر ایک الگ ادارہ بتایا جا رہا ہے جبکہ اس کی نیوز پالیسی اور ایڈیٹوریل کنترول جنگ گروپ کے مالکان کے ہاتھوں میں ہی ہوگا۔نیوزلائن کے مطابق پاکستان میں میڈیا مسابقت کو نئی جہت دینے کیلئے جنگ گروپ نے ایک نیا نیوز چینل میدان میں اتارنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ جنگ گروپ کی چھتر چھایہ تلے نئے شروع کئے جانیوالے نیوز چینل کا نام’’ ہم نیوز‘‘ہے ۔ بظاہر اسے معروف انٹرٹینمنٹ چینل ’’ہم ‘‘کا ہی بتایا جارہا ہے تاہم صحافتی حلقے اسے جنگ گروپ کا نیا اور خفیہ پراجیکٹ قرار دے رہے ہیں۔ صحافتی حلقوں کے مطابق ’’ہم نیوز‘‘ کا ایڈیٹوریل کنٹرول اور نیوز پالیسی جنگ گروپ کے مالکان کے ہاتھوں میں ہی ہوگی ۔ بظاہر ملک بھر میں اس کیلئے الگ ٹیم رکھی جا رہی ہے مگر پالیسی سازی دونوں کی ایک جگہ ہو گی ۔ ’’ہم نیوز‘‘ کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ بھی جیو نیوز سے فراہم کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہم نیوز کو ایک خفیہ پراجیکٹ کے طور پر لانچ کرنے کا فیصلہ جنگ گروپ کے مالکان نے جیو کے حوالے سے بعض حلقوں کی پالیسی کے تناظر میں کیا تھا ۔ اور اس پر تیزی کیساتھ عمل کیا گیا اور چند روز میں ’’ہم نیوز‘‘ لانچ کیا جا رہا ہے۔

Related posts