بار و بنچ کو مل کر کام کرنا ہوگا‘ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ


فیصل آباد ( نیوزلائن) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد یاور علی نے کہا ہے کہ مظلوم کو انصاف کی جلد فراہمی کے سلسلے میں عدالتی عمل بار اور بینچ کے مابین مربوط حکمت عملی کا متقاضی ہے اور اس ضمن میں وکلاء اور ججز اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں متحرک کردار ادا کریں تاکہ مقدمات کی سماعت میں تاخیر نہ ہو ۔ انہوں نے یہ بات تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری کے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جسٹس لاہور ہائی کورٹ انوارالحق ‘ جسٹس ممنون رشید ‘ ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائی کورٹ راؤ عبدالجبار ‘ رجسٹرار بہادر علی خان ‘ ڈسٹرکت اینڈ شیشن جج فیصل آباد محمد عبدالناصر ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ سی پی او اطہر اسماعیل ‘جج انسداد دہشت گردی خلیل احمد ناز ‘ صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن تاندلیانوالہ افتخار امین واصل ایڈووکیٹ ‘ صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن سمندری چوہدری ارشد محمود وڑائچ ‘ سیکرٹری بار تاندلیانوالہ مصطفے وٹو ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ‘ سول ججز اور تاندلیانوالہ ‘ سمندری بار ایسوسی ایشنز کے عہدیدارن بھی موجود تھے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمدیاور علی نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے سلسلے میں وکلاء کا ہمیشہ قابل قدر کردار رہا ہے لہذا مقدمات کی سماعت کے دوران بھی بار اور بنچ کو مکمل ہم آہنگی سے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اور ججز ایک جسم کی مانند اورمعاشرے میں انصاف کی فراہمی کا ذریعہ ہیں جنہیں لوگوں کو انصاف دلانے کا ٹاسک ہر حال میں مکمل کرنا ہے ۔ چیف جسٹس نے تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری میں بار ایسوسی ایشنز کی طرف سے ان کا شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ وکلاء نے ان سے جس وابستگی کا اظہار کیا ہے وہ انہیں اس سے دوگنا پیار دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کی ماتحت عدلیہ اور بار کو یکساں سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے مساوی مواقع میسر ہوں ۔ انہوں نے موقع پر بار ایسوسی ایشنز کی لائبریریز کے لئے لاء بکس بھی صدور کے حوالے کیں اور کہا کہ پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کے لئے چلرز بھی فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے بار ایسوسی ایشنز کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمدیاور علی جب تحصیل بار ایسوسی ایشن تاندلیانوالہ پہنچے تو انہیں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ چیف جسٹس نے جوڈیشل کمپلیکس کے احاطہ میں شجرکاری کے سلسلے میں فیکس ایلاسٹیکا و دیگر اقسام کے پودے لگائے ۔ انہوں نے سائلان کے بیٹھنے کے لئے شیڈ ‘ ملاقاتی روم ‘ بار روم کا بھی افتتاح کیا ۔ چیف جسٹس نے تحصیل سمندری میں بار ایسوسی ایشن کی تقریب کے دوران نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔

Related posts