زرعی یونیورسٹی میں انسداد بدعنوانی سیمینار‘ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کا خطاب


فیصل آباد(نیوزلائن)قومی احتساب بیورو اور زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے انسداد بدعنوانی کے عنوان سے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اقبال ظفر کے زیرصدارت اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے سیمینار کے کلیدی مقرر نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر اے اینڈ پی ونگ محمد ساجد نے نیب کے طریقہ کار ‘ مقدمات کی پیش رفت‘ عدالت میں چالان پیش کرنے اور پلی بار گین کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے پلی بارگین پر سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ یہ عمل عدالتی اجازت سے مشروط ہوتا ہے جس میں ملزم سے ایک تہائی رقم وصول کرکے بقیہ دو تہائی رقم کے برابرزرضمانت یقینی بناتے ہوئے رقم کی وصولی تین ماہ میں مکمل کر لی جاتی ہے۔وائس چانسلر اقبال ظفر نے کہا کہ پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے کوتاہی بھی بدعنوانی کے زمرے میں آتی ہے لہٰذا ہمیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی سطح پر خود احتسابی اور خوف خدا کے عمل کو رواج دیکر بدعنوانی کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے ہاتھ مضبوط کرکے بدعنوان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں ہر شہری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی ۔ سیمینار سے احتشام اکبر اور ڈاکٹر طاہر صدیقی نے بھی خطاب کیا۔

Related posts