نااہل نواز شریف بھارت دوستی میں آگے نکل چکے‘فرخ حبیب


فیصل آباد (نیوزلائن) تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف بھارت دوستی میں اتنے آگے نکل چکا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان سے دہشتگرد انڈیا بھیجے جانے کے انتہائی گھناؤنے اور سنگین الزام لگا کر غداری کی ہے ۔ یہ ریاست کے خلاف اعلانیہ بغاوت ہے اور بھارتی بیانیہ ہے۔اب کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ نااہل کرپٹ ہی نہیں سیکیورٹی رسک بھی ہے۔ نواز شریف کا بیانیہ میر جعفر اور میر صادق کا کردار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 114 سٹی کونسل 88 نواز پارک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لطیف نذر ‘ رانا سہیل اسلم ‘ و اور معززین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جاتی امراء، نجی تقریب میں آنا،جندال کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کے نواز شریف سے ون ٹو ون ملاقات کرنا اور پاکستان کوتوڑنے کے ایجنڈے پر کام کرنیوالے کلبھوشن کی گرفتاری پر مذمت نہ کرنا بلاجواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کی صداقت جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کیا جائے۔

Related posts