بلاول بھٹو کاچنیوٹ سے بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ


چنیوٹ (نیوزلائن) پیپلز پارٹی نے پنجاب میں الیکشن کو دلچسپ بنا دیا ہے۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو فیصل آباد سے ملحقہ ضلع چنیوٹ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔چنیوٹ شہر اور چنیوٹ کے فیصل آباد سے ملحقہ علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 100سے بلاول بھٹو کے لئے کاغذات نامزدگی پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر حسن مرتضیٰ نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس سے حاصل کئے ۔ بلاول بھٹو کے امیدوار نہ ہونے کی صورت میں اس حلقے سے حسن مرتضیٰ خود پی پی پی کے امیدوار ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے اس حلقے سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا تو ان کے ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشست پر حسن مرتضیٰ امیدوار ہوں ۔ اس حلقے سے متوقع طور پر پی ٹی آئی کے امیدوار سید ذوالفقار شاہ ہوں گے تاہم سابق ایم این اے عنائت علی شاہ بھی پی ٹی آئی کا امیدوار بننے کیلئے کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سبکدوش ہونیوالے ایم این اے قیصر اے شیخ بھی پی ٹی آئی قیادت کیساتھ رابطے میں ہیں۔ وہ ن لیگ کا ٹکٹ لینے کی بھی کوشش کررہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی اپنی وفاداری کی یقین دہانی کروا رہے ہیں۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن کے رہنماشیخ قیصر محمود بھی سرگرم ہیں۔ جبکہ سابق ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی بھی ایم این اے کیلئے ن لیگ کا ٹکٹ لینے کی کوشش میں ہیں۔

Related posts