این اے 106: عمران خان نے رانا ثناء اللہ کو واک اوور دیدیا


فیصل آباد(احمد یٰسین)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کے مقابلے میں اپنامضبوط امیدوار نہ دیکر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے رانا ثناء اللہ کو واک اوور دیدیا۔اس حلقے میں راجپوت برادری کا امیدوار کھڑا کرکے پی ٹی آئی رانا ثناء اللہ کو انتہائی ٹف ٹائم دے سکتی تھی مگر اس نے ایسا نہ کیا۔نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں صوبائی اسمبلی کیساتھ پہلی بار قومی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑنا چاہتے ہیں۔قومی اسمبلی کا الیکشن وہ این اے 106سے لڑیں گے ۔ اس حلقے میں جاٹ اور راجپوت برادری کا ووٹوں کی اکثریت ہے جبکہ ارائیں اور گجر برادری بھی بڑی تعداد میں موجود ہے۔ جاٹ برادری کی طرف سے ایک مضبوط امیدوار پیپلز پارٹی کے چوہدری سعید اقبال بھی ہیں ۔ انہیں حلقے میں گجر برادری کی حمائت بھی حاصل ہے۔توقع کی جارہی تھی کہ پی ٹی آئی اس حلقے میں رانا ثناء اللہ کے مقابلے میں راجپوت برادری کے رانا آفتاب احمد خاں کو ٹکٹ دے گی ۔ رانا آفتاب کے میدان میں اترنے کی وجہ سے رانا ثناء اللہ کو راجپوت برادری کی بڑی تعداد کی حمائت نہ ملنے کی امید تھی ۔ مگر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی ٹکٹ ڈاکٹر نثار احمد جٹ کو دیدیا ہے ۔ جس سے راجپوت برادری رانا ثناء اللہ کیساتھ کھڑی ہو جائے گی۔سیاسی حلقوں کے مطابق پی ٹی آئی رانا آفتاب کو ٹکٹ دیتی تو الیکشن رانا آفتاب اور چوہدری سعید اقبال کے مابین ہوتا مگر اب اصل الیکشن رانا ثناء اللہ اور چوہدری سعید اقبال ہو گا۔ ڈاکٹر نثار کو حلقے میں زیادہ توجہ نہ دینے ‘ چوہدری الیاس جٹ کی وفات اور الیاس جٹ فیملی میں ڈاکٹر نثار کے حوالے سے اختلافات کی وجہ سے کمزور امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔ اس حلقے میں ڈاکٹر نثار روقع کر رہے ہیں کہ انہیں مذہبی ووٹ ملے گا ۔ مگرسنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اوردربار سیال شریف کے حمائت یافتہ مولانا سعید احمد اسعد کے میدان میں اترنے کی وجہ سے مذہبی ووٹ بھی ڈاکٹر نثار کو نہیں ملے گا۔سیاسی حلقے پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کا فیصلہ ثابت کرے گا کہ رانا ثناء اللہ کا الیکشن بنے گا بھی یا نہیں۔ جبکہ موجودہ حالات میں سیاسی حلقے واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ کا فیصلہ رانا آفتاب کے حق میں نہ کرکے رانا ثناء اللہ کو اس حلقے میں’’ واک اوور‘‘ دیدیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پی پی پی کے امیدوار سابق ایم این اے چوہدری سعید اقبال رانا ثناء اللہ کو کتنا ٹف ٹائم دیتے ہیں۔

Related posts