استعفیٰ کی شرط: بلدیاتی نمائندوں کا بلیک میلنگ پلان ناکام


فیصل آباد(نیوزلائن) الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیساتھ بلدیاتی عہدوں سے مستعفی ہونے کی شرط نے یوسی چیئرمینوں کا عام انتخابات کے بڑے امیدواروں کو بلیک میل کرنے کا پلان ناکام بنا دیا ہے۔ ’’شوقیہ فنکار‘‘ اور بلیک میلنگ پلان بنانے والے بلدیاتی نمائندے مایوس ہو کر پہلے والی پوزیشن بچانے کے چکر میں ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد اپنے نام کیساتھ امیدوار براے ایم این اے یا ایم پی اے کا ٹیگ لگا کر عام انتخابات کے سنجیدہ امیدواروں کو بلیک میل کرنے کا پلان بنائے بیٹھے تھے۔ فیصل آباد میں بہت بڑی تعداد میں یوسی چیئرمین صرف کاغذات جمع کروانے کی حد تک امیدوار بننے کے چکر میں تھے جن میں سے بڑی تعداد مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کیساتھ بلدیاتی عہدوں سے مستعفی ہونے کی شرط عائد کرکے ایسے تمام امیدواروں کے ’’نوٹ بناؤ‘‘ منصوبے پر پانی پھیر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف پارٹیوں کے امیدواروں نے اس صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بلدیاتی نمائندوں کے ’’نوٹ بناؤ‘‘ منصوبے کو ناکام بنانے پر الیکشن کمیشن کیلئے تشکر کا اظہار کررہے ہیں۔

Related posts