صاف دیہات پروگرام شہباز شریف کی ناقص حکمت عملی کی نذر


فیصل آباد(ندیم جاوید ) شہباز شریف کی ناقص حکمت عملی کے باعث پنجاب بھرمیں شروع کیا گیا ’’صاف دیہات پروگرام‘‘ اپنی موت آپ مر گیا ۔فیصل آباد سمیت صوبہ میں2ارب 30کروڑ روپے مالیت سے چھ ماہ قبل شروع کیا جانیوالااور 6کروڑ 99لاکھ نفوس آبادی پر مشتمل پنجاب بھر کی 3281یونین کونسلز صفائی کے عمل سے محروم رہ گئیں۔ دسمبر 2017 میں حکومت نے 49کروڑ 20لاکھ روپے مالیت سے صفائی کے پہلے فیز میں صرف ایک بار گاؤں سے کوڑا تو اٹھا لیا اور ہر یونین کونسل کو 1لاکھ 50ہزار روپے 28فروری 2018ء تک ادا کیے گئے۔ جہاں اب دوبارہ کوڑے کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں۔ فرموں کو ٹینڈرنگ کرنے کیلئے اخباری اشتہارات کی وساطت سے حکومت نے 3تا 4کروڑ روپے بھی پبلسٹی مہم پر ضائع کئے۔ دوسرے صفائی فیز کیلئے فیصل آباد ضلع کونسل کو 31کروڑ روپے دینے کی بھی خوشخبری سنائی گئی تھی اور حکام نے اس بابت فرموں کی پری کوالیفکیشن کیلئے چھ بار ٹینڈرز بھی کال کیے لیکن شارٹ لسٹنگ میں کامیابی نہ ہوئی۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے منصوبہ کی منظوری بھی دی لیکن فنڈز آج تک بھی ریلیز نہ ہوئے اور حکومت نے آئندہ بجٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی صاف دیہات پروگرام کیلئے فنڈز مختص نہ کئے ہیں۔

Related posts