شفاف و غیرجانبدارانہ الیکشن ہرصورت یقینی بنائیں گے‘ کمشنر فیصل آباد


فیصل آباد(ندیم جاوید)کمشنر فیصل آباد آصف اقبال نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا غیرجانبدارانہ اور شفاف انعقاد یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کریں گے۔ الیکشن میں بالادست طبقات‘ طاقتور شخصیات ‘ کسی مخصوص گروپ یا سیاسی جماعت کیلئے کو انتظامی مشینری استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سب کیلئے قانون برابر ہوگا۔ کسی کو رعائت ملے گی نہ کسی کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جائے گا۔ نیوز لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کا کہنا تھا کہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام افراد کو انتظامیہ کی طرف سے ایک جیسا ماحول ملے۔ اپنے نمائندوں کے چناؤ کیلئے شہریوں کو سازگار فضاملے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ اس کیلئے تمام انتظامی مشینری کو متحرک کیا جائے گا اور ہم اپنا فریضہ مکمل دیانتداری سے پورا کریں گے۔ انتخابات کے دوران قانون کا احترام اور قیام امن یقینی بنائیں گے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون شکنی کرنیوالا ہاتھ کتنا بھی طاقتور ہوا اس کو قانون کی مکمل طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

Related posts