انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہرصورت عمل کرایا جائیگا‘ احمد فواد


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈسٹرکٹ الیکشن مانیٹرنگ آفیسر فیصل آبادڈپٹی کمشنرسید احمد فواد نے کہا ہے کہ الیکشن کا شفاف اور پرامن انعقاد پہلی ترجیح ہے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہرصورت عمل کرایا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والا کتنا بھی طاقتور ہوا اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات میں امیدواروں کی انتخابی مہم کو قواعد وضوابط کے دائرے میں رکھنے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کریں گے۔اس سلسلے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزوں کی نشاندہی کرے ہم اس پر فوری نوٹس لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے مقررکردہ مانیٹرنگ افسران امیدواروں کی انتخابی مہم پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور بعض خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹس تیار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے قانون شکنی کی صورت میں قصور واروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان کی طرف سے انتخابی مہم میں خلاف ورزیوں کی بعض نشاندہی پر بتایا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لئے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کا عنقریب اجلاس طلب کیا جائے گا تاہم وال چاکنگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔

Related posts