سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بوگس بھرتی کی سازش پکڑی گئی


فیصل آباد(نیوزلائن) ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بوگس برتی کی سازش پکڑ لی۔ وگاقی تحقیقاتی ادارے نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں کانسٹیبل بھرتی کے امتحانی سنٹرمیں چھاپہ مار کر جعلی امیدواروں سے امتحان لینے والے چیف سپروائزر انچارج اور تین جعلی امیدواروں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔جبکہ گیارہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔نیوزلائن کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ساجد اکرم نے ایک اطلاع پر سینٹرل ٹریننگ سنٹر ایم سی ہائر سیکنڈری سکول غلام محمد آباد کے امتحانی سنٹر میں چھاپہ مارا۔ انسپکشن کے دوران امتحان میں شریک تین امیدوارحمزہ علی‘ عادل الطاف اور محمد طیب کی جگہ پر امتحان دینے والے جعلی امیدوار رمضان، نوید اور عمر فاروق کو گرفتار کیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے چیف سپروائزر ظہور جوہر اور انچارج حوالدار علی رضا کو بھی حراست میں لیتے ہوئے ایجنٹوں اور امیدوار سمیت گیارہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ امیدواروں حمزہ علی، عادل الطاف ، محمد طیب کے ساتھ ساتھ ایجنٹوں خلیل جمیل، اشرف اور واجد افضال کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ رقم لے کر جعلی امیدواروں سے امتحان دلوایا جا رہا تھا۔ اور بائیو میٹرک تصدیق بھی نہیں کی گئی تھی۔

Related posts