پبلک پارکس کو ماڈل‘غیرقانونی انتخابی تشہیرختم کی جائے:ڈپٹی کمشنر


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے کہا ہے کہ شہر کے مرکزی پبلک پارکس کو تزئین وترقی کے اعتبار سے ماڈل بنایا جائے جبکہ دیگر پارکس میں بھی سیروتفریح کے حوالے سے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہو نی چاہیں۔انہوں نے یہ بات پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی(پی ایچ اے) کے آفس میں ایک بریفنگ کے دوران کہی۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد آصف چوہدری نے ڈپٹی کمشنر کو پی ایچ اے کے انتظامی ڈھانچے اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔ڈائریکٹرز پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ،طارق خان نیازی،غلام دستگیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سیروتفریح کے بڑے پبلک پارکس میں معیاری صفائی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خوشگوار ودیدہ زیب ماحول کے لئے پارکس کی جدید طرز پر ڈویلپمنٹ کے منصوبے تشکیل دئیے جائیں ۔انہوں نے عام انتخابات 2018ء کے سلسلے میں الیکشن امیدواروں کے مطلوبہ سائز سے بڑے اتارے گئے بینرز،فلیکسز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت 5کروڑ روپے سے پی ایچ اے کی 17سکیمیں مکمل کی گئیں۔ اسی طرح صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 50لاکھ سے ایک سکیم پر عملدرآمد جاری اور پی ایچ اے کی اپنی 268سکیموں پر 9کروڑ30لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں سے 244سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں ایڈورٹائزمنٹ فیس کی مد میں ساڑھے 21کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ۔

Related posts