فیسکو نادہندہ نکلا:عدم ادائیگی پر فیسکو ہیڈکوارٹر کا گیس کنکشن منقطع


فیصل آباد(نیوزلائن)معمولی رقوم پر عام شہریوں کے بجلی کنکشن منقطع کرنے والا فیسکو خود اپنے دام میں آگیا۔ لاکھوں روپے کے بل کی عدم ادائیگی پر سوئی ناردرن گیس کمپنی نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کنال روڈ پر واقع ہیڈ کوارٹر کا گیس کنکشن منقطع کردیا ہے۔ بل کی ادائیگی تک گیس حکام نے کنکشن بحال کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔نیوزلائن کے مطابق فیسکو ٹیکس کے بعد محکمہ سوئی گیس کا بھی نادہندہ نکلا۔ لاکھوں روپے کے بل کی عدم ادائیگی پر سوئی ناردرن گیس کمپنی نے فیسکو ہیڈکوارٹر کا گیس کنکشن منقطع کردیا ۔گیس حکام کے مطابق فیسکو کے ذمہ کئی ماہ کا گیس بل ہے اور کئی مرتبہ کے وارننگ نوٹس کے باوجود فیسکو چیف اور دیگر ذمہ داران بل کی ادائیگی کرنے کی بجائے گیس کمپنی کو چکر دینے میں لگے ہوئے تھے۔ فیسکو حکام کو تحریری نوٹس بھی بھجوائے گئے مگر اس کے باوجود فیسکو چیف اور دیگر حکام نے بلوں کی ادائیگی نہ کی۔ گیس کنکشن منقطع کرنے سے پہلے دوبارہ وارننگ نوٹس بھجوایا گیا مگراس کے باوجود فیسکو حکام نے بل کی رقم ادا نہ کی جس پر مجبور ہو کر فیسکو کا کنکشن منقطع کردیا گیا۔ گیس کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ بل کی ادائیگی کئے بغیر فیسکو کا گیس کنکشن بحال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

Related posts