نگران انتظامیہ آتے ہی فیصل آباد میں اشیاء ضروریہ مہنگی


فیصل آباد(نیوزلائن)سیاسی حکومت کے خاتمے اور نگران ضلعی انتظامیہ نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی فیصل آباد میں اشیائے ضروریہ مہنگی کردی ہیں۔ نان‘ روٹی‘ گوشت ‘ دالیں‘ چاول‘ چینی ‘ سرخ مرچ سمیت کھانے پینے کی تمام اشیاء کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔گھریلو استعمال کی کھانے پینے کی اشیاء کے نرخوں میں اضافہ نگران سیٹ اپ میں آنیوالے نئے ڈپٹی کمشنر احمد فواد کی ہدائت پر ہونیوالے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چند روز قبل آنیوالے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مشتاق حسین نائچ نے کی۔ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اعلان کے مطابق تمام اشیاء کے نئے نرخ مقرر کردئیے گئے ہیں۔نئی قیمتوں کے مطابق چنا سفید (باریک لوکل)85روپے، چنا سفید(باریک لوکل) 95روپے ،چنا سیاہ (باریک)81روپے،چنا سیاہ (موٹا)88روپے،دال چنا(باریک)88روپے،دال چنا (موٹی)90روپے،دال مونگ پالشڈ(دھلی)80روپے،دال مونگ کوری95روپے،دال ماش(دھلی)92روپے ،دال ماش(بغیر دھلی،غیر ملکی)125روپے، بیسن 92روپے،چاول باسمتی (سپر کرنل نیا)105روپے،چاول باسمتی (سپر کرنل) پرانا 135روپے،چاول (اری)45روپے، چینی 54روپے،سرخ مرچ (پسی ہوئی) 235روپے،دودھ 70روپے،دہی 75روپے،گوشت چھوٹا 650روپے،گوشت بڑا300روپے کلو،تندوری روٹی 100گرام 6روپے فی عدد،روٹی خمیری /نان (سادہ) 7روپے اور برف کی قیمت 5روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔علاوہ ازیں پھلوں وسبزیوں کے نرخ تمام سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیز روزانہ جاری کرینگے۔ اورایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک پولٹری ایسوسی ایشن کی مشاورت سے چکن کی قیمت سے متعلق روزانہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔گھریلو استعمال کی اشیاء مہنگی کرنے کا فیصلہ کرنے کے فوری بعد پرائس کنٹرول کمیٹی کی صدارت کرنیوالے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مشتاق حسین نائچ نے اجلاس میں موجود تاجروں اور دکانداروں سے ارشاد فرمایا کہ اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے سے گریز کریں اورصارفین کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کویقینی بنایا جائے۔

Related posts