الیکشن 2018: 302خواتین امیدوار‘ سب سے زیادہ پی پی پی کی


اسلام آباد(حامد یٰسین)عام انتخابات 2018میں جنرل نشستوں پر مجموعی طور 302خواتین حصہ لے رہی ہیں اور خواتین امیدواروں کو سب سے زیادہ ٹکٹ پیپلزپارٹی نے دئیے ہیں۔ دوسرے نمبر تحریک انصاف ‘ تیسرے نمبر پر مسلم لیگ ن جبکہ چوتھے نمبر پر تحریک لبیک پاکستان اور متحدہ مجلس عمل رہیں۔ تحریک اللہ اکبرنے بھی خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دئیے ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے والی 107پارٹیوں میں سے 48نے خواتین کو ٹکٹ دئیے جبکہ 59جماعتوں نے کسی خاتون امیدوار کو اپنا ٹکٹ دینے کے قابل نہیں سمجھا۔ نیوزلائن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں پابند ہیں کہ جنرل سیٹوں پر الیکشن کیلئے پانچ فیصد ٹکٹیں خواتین کو دیں۔ الیکشن ایکٹ کی اس پابندی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی نافذ کرنے کی ہدایا جاری کر رکھی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جاری کردہ لسٹ کے مطابق عام انتخابات میں 107جماعتیں حصہ لے رہی ہیں اور ان میں سے 59جماعتوں نے کسی ایک بھی خاتون کو ٹکٹ نہیں دیا۔خواتین امیدواروں کو سب سے زیادہ ٹکٹ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین نے دئیے ہیں پی پی پی نے 43خواتین امیدوار مردوں کے مقابل میدان میں اتاری ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017کی رو سے پی پی پی پر لازم تھا کہ 32خواتین کو جنرل سیٹوں پر ٹکٹ دیتی مگر اس نے 11زائد ٹکٹ دئیے۔ خواتین امیدوار میدان میں اتارنے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر تحریک انصاف رہی۔ پی ٹی آئی نے خواتین کو 42ٹکٹ دئیے جبکہ اس کیلئے لازم تھا کہ 38ٹکٹ ضرور دیتی۔ مسلم لیگ ن کیلئے خواتین کو 32ٹکٹ دینا لازم تھا تاہم اس نے 37ٹکٹ دئیے۔ تحریک لبیک پاکستان کیلئے خواتین کو 27ٹکٹ دینا ضروری تھا مگر اس نے 33ٹکٹ دئیے۔ متحدہ مجلس عمل نے 30لازم ٹکٹوں کے مقابلے میں 33ٹکٹ دئیے۔ عوامی نیشنل پارٹی کیلئے 9ٹکٹ دینا لازمی تھے مگر اے این پی 14خواتین کو جنرل سیٹوں پر میدان میں اتارنے میں کامیاب رہی۔ پی ایس پی کیلئے سات لازم ٹکٹ تھے مگر اس نے 12ٹکٹ خواتین کو دئیے۔ مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ نے آٹھ خواتین کو ٹکٹ دیا تاہم اس کیلئے سات ٹکٹ دینا لازم تھا۔ ایم کیو ایم نے چھے ٹکٹ دئیے جبکہ قانون کی رو سے اس کیلئے چار ٹکٹ دینا ضروری تھا۔پاکستان مسلم لیگ(ق لیگ )نے پانچ خواتین کو ٹکٹ دیا جبکہ اس کیلئے دو ٹکٹ خواتین کو دینا لازم تھا۔ تحریک اللہ اکبر کے نام سے انتخابی میدان میں اترنے والی ملی مسلم لیگ نے جنرل سیٹوں پر دس خواتین کو ٹکٹ تو دیا مگر قانون کی رو سے اس کیلئے لازم تھا کہ وہ 12خواتین کو ٹکٹ دیتے۔

Related posts