ن لیگی انتخابی دفاتر کی صفائی کیلئے سرکاری عملہ تعینات


فیصل آباد(احمد یٰسین)ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ عماد گل رانا ثناء اللہ ‘ نواز ملک اور دیگر ن لیگی امیدواروں کی خوشنودی اور احسان اتارنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے لگے۔ مسلم لیگ ن کے انتخابی دفاتر کی صفائی اور دیگر کاموں کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ تعینات کردیا اور انہیں سرکاری ڈیوٹی معاف کردی ۔ ایم ڈی نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تمام عملے کو مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کا حصہ بننے اور رانا ثناء اللہ و نواز ملک کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی بھی ہدائت کردی۔نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیساتھ ماضی میں کام کرنے اور رانا افضل کے مقابلے میں ساتھ دینے پر ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ عماد گل نے مسلم لیگ ن کے سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں اور سابق ایم پی اے نواز ملک اور ان کے ساتھیوں پر خصوصی مہربانی کرنی شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق عماد گل نہ صرف رانا ثناء اللہ گروپ کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلائے ہوئے ہیں بلکہ ن لیگی انتخابی دفاتر کی صفائی اور دیگر کاموں کیلئے بھی انہیں سرکاری عملہ فراہم کیا ہوا ہے۔ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ نے خصوصی ہدایات کے ساتھ عملے کو ن لیگی رہنماؤں کی خدمت کیلئے چھوڑ رکھا ہے جبکہ انہیں سرکاری ڈیوٹی بھی معاف کررکھی ہے۔ن لیگی رہنماؤں کی ہدایات پر ان کے من پسند علاقوں میں خصوصی صفائی مہمیں چلائی جارہی ہیں جبکہ اپوزیشن کے علاقوں کو مکمل نظر انداز کرنے کی پالیسی بھی ن لیگی رہنما اور ایم ویسٹ مینجمنٹ عماد گل مل کر بنا رہے ہیں۔اپوزیشن کے انتخابی دفاتر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگوائے جا رہے ہیں جبکہ پی پی پی اور پی ٹی آئی امیدواروں کے رہائشی علاقوں کو بھی صفائی کے حوالے سے نظرانداز کرنے کی پالیسی بنائی گئی ہے۔

Related posts