انچارج ٹریفک سیکٹر کا رکشہ ڈرائیور پر تشدد:ویڈیو وائرل


فیصل آباد(نیوزلائن)سول لائن کے علاقے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے سامنے سرخ سگنل کی خلاف ورزی کرنیوالے انچارج ٹریفک سیکٹر محمد رفیق نے اپنی گاڑی کے سامنے آنیوالے رکشہ کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اعلیٰ حکام کو نوٹس لیتے ہی بنی۔ نیوزلائن کے مطابق انچارج ٹریفک سیکٹر سول لائن انسپکٹر محمد رفیق نے غریب رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ عینی شاہدین کے مطابق سینئر ٹریفک وارڈن اپنی گاڑی پر چوک پار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیزی سے آیا۔ محمد رفیق سرخ سگنل کے باوجود چوک پار کرکے آیا تو انسداد دہشت گردی عدالت کے سامنے اس کی گاڑی موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گئی۔ اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے ’’صاحب بہادر‘‘ غصے میں رکشہ ڈرائیور پر ہی چڑھ دوڑے اور تھپڑوں سے اس کی تواضع کردی۔ ’’صاحب بہادر‘‘ کی جانب سے غریب رکشہ ڈرائیور پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے اعلیٰ حکام کو معاملے کا نوٹس لیتے ہی بنی۔ اور چیف ٹریفک آفیسرابرارحسین نے انچارج سول لائن ٹریفک سیکٹرانسپکٹرمحمد رفیق کو معطل کردیا۔جبکہ ڈی ایس پی سول لائن سیکٹرمرزاانجم کمال کو انکوائری کی ہدائت کردی ہے ۔

Related posts