بے ہنگم بڑھتی آبادی پر قابو کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت


فیصل آباد(نیوزلائن)محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام چھوٹے خاندان کے پیغام کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے آگاہی مہم پر موثرانداز میں عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سید احمدفواد نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفےئر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈی او پاپولیشن ویلفےئر غفران حسین ثاقب چوپڑا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،مولانا محمد حفیظ،پیر صدیق الرحمن کے علاوہ دیگر ممبرزاور این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خاندان کو وسائل کے مطابق رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شعور پیدا کیا جائے تاکہ بے ہنگم بڑھتی ہوئی آبادی کو قابو میں رکھا جاسکے۔انہوں نے پسماندہ آبادیوں میں شادی شدہ جوڑوں کی کونسلنگ،ہسپتالوں ومراکز صحت میں طبی مشوروں اور عوامی آگاہی کے دیگر پروگرامز کیلئے مربوط انداز میں محکمانہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفےئر آفیسر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں 6فیملی ہیلتھ کلینکس اور 87فلاحی مراکزخدمات انجام دے رہے ہیں گزشتہ ماہ محکمہ کو 435 کیسز ریفر ہوئے۔

Related posts