فیصل آباد میں سوا 23ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد میں رواں مالی سال کے دوران  23ارب 36 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں۔ ساڑھے اٹھارہ ارب کی سکیموں پر کام جاری جبکہ چار ارب اسی کروڑ کے منصوبوں کے ٹینڈر چند ہفتوں میں جاری کئے جائیں گے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر فیصل آبادسلمان غنی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کو بتائی۔ ڈی سی نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چودہ ارب 76 کروڑ روپے کی لاگت سے 121 ترقیاتی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ان میں سے بیشتر سکیموں کا پچاس فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے دو مراحل میں مجموعی طور پر تین ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے 1302 سکیموں پر کام کیا جا رہا ہے ۔ رواں مالی سال کے ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت علاقائی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کی 501 نئی سکیموں پرچار ارب 80 کروڑ روٖپے خرچ ہونگے۔ ان سکیموں پر عملدرآمد کیلئے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ٹینڈرنگ کے مراحل کی تکمیل کے بعد ان پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں فیصل آباد کے مختلف حلقوں کے ایم پی ایز کے علاوہ متعدد سرکاری محکموں کے سربراہان و نمائندے بھی شریک تھے۔

Related posts

Leave a Comment