پٹرولنگ پولیس گشت کے ساتھ شجر کاری بھی کرے گی ‘ام سلمیٰ


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس نے شاہراہوں پر گشت کرنے کے ساتھ ساتھ شجر کاری کرنے کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے۔ یہ ذمہ داری کسی محکمے یا سرکار نے اسے نہیں دی بلکہ پٹرولنگ پولیس کی ریجنل انچارج نے یہ فریضہ خود ہی سنبھال لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن ام سلمیٰ ملک کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پولیس جہاں شاہراہوں پر جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور عوام النا س کو محفوظ اور خوشگوار سفر مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے وہاں ساتھ ہی شاہراہو ں کو سر سبز و شاداب بنانے میں بھی وہ پیش پیش ہے ۔اس مقصد کے لئے ریجن ہذا کی ہر پوسٹ کے بیٹ ایریا میں پودے لگائے جارہے ہیں اور ہر پٹرولنگ پوسٹ اپنے بیٹ ایریا میں لگائے گئے پودوں کی نشوو نما اور حفاظت کی ذمہ دار ہے ۔جس سے فضائی آلودگی میں کمی کے ساتھ ساتھ گرین ہائی وے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو گا۔ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس نے کہا ہے ریجن ہذا کی تما م پٹرولنگ پوسٹیں اپنے اپنے بیٹ ایریا میں شجر کاری کر رہی ہیں ۔جس پوسٹ نے اپنے بیٹ ایریا میں زیادہ پودے پروان چڑھائے اس پوسٹ کے جوانوں کو نقد انعام کے علاوہ تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔

Related posts

Leave a Comment