قائد اعظم ٹرافی‘ فیصل آباد کرکٹ ٹیم بدترین کارکردگی میں پہلے نمبر پر


فیصل آباد(رپورٹ :احمد یٰسین)پاکستان میں ریجنل کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں گریڈ ون کی اہم ترین ٹیم فیصل آباد نے سعید اجمل کی قیادت میں اپنی ’’کارکردگی‘‘ کی دھاک بٹھادی ۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنا بہترین کھیل پیش کرکے بھی 16ویں پوزیشن حاصل کی۔ فاٹا‘ اسلام آباد‘ پی ٹی وی سمیت کوئی ٹیم بھی بدترین کارکردگی کے حوالے سے فیصل آباد کا مقابلہ نہ کرسکی۔خود کو دنیا کا نمبر ون آف سپنر قرار دینے والے فیصل آباد کے کپتان سعید اجمل ٹورنامنٹ کے ٹاپ 30بولرز میں بھی جگہ نہ بنا سکے۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد کی ٹیم نے قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنی تاریخ کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور سابق کپتان مصباح الحق کی شاندار کارکردگی کی بدولت گریڈ ون حاصل کرنے والی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں کوئی ایک میچ جیتنا تو درکنار ڈرا بھی نہیں کر سکی اور اپنے تمام چھے کے چھے میچ بری طرح ہار گئی۔پی سی بی کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پول اے میں شامل فیصل آباد ریجن کی ٹیم نے اپنے پہلے چھے میچ ہار کر صفر پوائنٹ حاصل کیا ہے اور ٹورنامنٹ میں شامل تمام 16ٹیموں میں آخری نمبر پر رہنے کا ’’اعزاز‘‘ حاصل کیا ہے۔ٹورنامنٹ میں فاٹا اور پی ٹی وی جیسی ٹیمیں بھی میچ جیتنے میں کامیاب ہوئیں اور پوائنٹ ٹیبل پر انہیں صفر کی خفت کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا لیکن فیصل آباد صفر کیساتھ سب سے نچلی پوزیشن پر فائز ہے۔فیصل آباد کی کپتانی کے فرائض قومی کرکٹر سعید اجمل نے سرانجام دئیے اور اپنے تائیں دنیا کے نمبر ون آف سپنر نے ٹورنامنٹ میں انفرادی طور بھی کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے پایا۔ وہ 6میچوں کی12اننگز میں 187اوورز کروا کر صرف 16وکٹ حاصل کرسکے اور ٹورنامنٹ میں بولنگ ریکارڈ میں ان کی پوزیشن 33ویں رہی۔ ان سے بہتر کارکردگی تو کئی ایک نوجوان بولرز نے دکھا دی۔احمد عبداللہ نے کو تمام 6میچ کھلائے ہی نہیں گئے ۔ انہیں چار میچوں میں موقع ملا اور وہ 18وکٹیں اڑا گئے۔مگر ٹورنامنٹ میں ان کی پوزیشن بھی 29ویں رہی۔ فیصل آباد کی ٹیم کا کوئی ایک کھلاڑی بھی بولنگ و بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکا۔بولنگ و بیٹنگ کے ٹاپ 20میں بھی کوئی فیصل آباد کاکھلاڑی شامل نہیں ۔ بیٹنگ میں فیصل آباد کے کھلاڑیوں کی کارکردگی تو کوچنگ سٹاف کی کارکردگی کو بھی مشکوک بنا رہی ہے۔ فیصل آباد کا بہترین بلے باز بھی ٹورنامنٹ میں 43ویں درجے پر فائز ہے ۔اس ’’اعلیٰ‘‘ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد آصف نے چھے میچوں کی تمام 12اننگز کھیلیں اور 32کی ایوریج کیساتھ صرف 390سکور بنا سکے۔ انکی بہترین اننگز 51رہی ۔ بیٹنگ میں فیصل آباد کا دوسری پوزیشن 72ویں رہی۔اس ’’شاندار‘‘ کارکردگی سے فیصل آباد اپنے تمام میچ تو ہارا ہی اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہنے کا اعزاز حاصل کیا مگر ساتھ ہی فیصل آباد کو گریڈ ون سے فارغ کئے جانے کا تحفہ بھی دے گیا۔

Related posts

Leave a Comment