پیپلزپارٹی فیصل آبادکی سیاست میں بھونچال لانے کی تیاریوں میں


فیصل آباد(احمد یٰسین)پیپلز پارٹی فیصل آباد کی سیاست میں ایسی تبدیلیاں لا رہی ہے جس سے مقامی سطح پر بھونچال ہی آجائے گا۔سیاست کے ’’بازی گر‘‘ آصف علی زرداری مختلف شخصیات کے ذریعے فیصل آباد کے سرمایہ دار سیاستدانوں کے گروپ سے رابطے میں ہیں اور الیکشن سے پہلے فیصل آباد میں بڑے بڑے برج الٹنے کا مکان ہے۔ان سرمایہ دارسیاستدانوں کے علاوہ بھی مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کیساتھ بھی آصف زرداری رابطے کر رہے ہیں۔ ان شخصیات کے پی پی پی میں آنے سے فیصل آباد کی سیاست میں یقینی بھونچال آجائے گا۔اہم سیاسی حلقوں کے مطابق پی پی پی اس وقت زاہد نذیرفیملی‘ زاہد توصیف فیملی‘ ممتاز چیمہ فیملی اور میاں لطیف فیملی کیساتھ رابطے میں ہے۔ چاروں سیاسی خانوادوں کیساتھ معاملات پی پی پی کے چند اہم رہنما طے کررہے ہیں۔زاہد نذیر فیملی کے شاہد نذیر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم این اے رہ چکے ہیں اور ابھی تک انہوں نے باضابطہ پارٹی چھوڑی نہیں ہے تاہم سابق ڈویژنل کوآرڈی نیٹرراجہ ریاض کیساتھ اختلافات کی وجہ سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اب راجہ ریاض ہی پارٹی میں نہیں رہے۔زاہد نذیر کے بھائی رکن قومی اسمبلی عاصم نذیر کے سسر چوہدری اشفاق پیپلز پارٹی کیساتھ بہت لمبا عرصہ وابستہ رہے پھر عازم پی ٹی آئی ہوگئے۔ اب ان کی پی ٹی آئی میں بھی ناراضگیاں سامنے آرہی ہیں۔ چوہدری اشفاق سے پی پی پی نے ڈائریکٹ رابطے کے ساتھ ساتھ میاں لطیف اور فرحان لطیف کے ذریعے بھی رابطے میں ہے۔ممتاز چیمہ پیپلز پارٹی کیساتھ بہت پرانے وابستہ ہیں اور سٹی ناظم بننے تک پی پی پی کا حصہ تھے۔ ق لیگ میں گئے مگر 2013میں دوبارہ پی پی پی میں آگئے۔ کچھ عرصہ بعد پی ٹی آئی میں گئے مگر وہاں سرگرم نہ ہوسکے۔ اب دوبارہ ان کے پی پی پی کیساتھ رابطے سامنے آئے ہیں۔سابق سٹی ڈسٹرکٹ ناظم زاہد توصیف کو زاہد نذیر گروپ کا ہی حصہ سمجھا جاتا ہے۔ان کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رضا نصراللہ گھمن کیساتھ پیپلز پارٹی معاملات طے کر رہی ہے۔رضا نصراللہ گھمن بھی پی پی پی میں شامل رہے اور پی پی پی کے ٹکٹ پر این اے 80کا الیکشن لڑ چکے ہیں۔پیپلز پارٹی کے ہم رقاب لمبا سیاسی سفر کرنے کے بعد راجہ ریاض سے ناراض ہو کر ن لیگ میں جانیوالے ظفر اقبال ناگرہ کیساتھ پی پی پی گٹھ بندھن کرنے کی کوشش میں ہے۔ فیصل آبادمیں انتہائی کٹھن وقت میں پی پی پی کیلئے قربانیاں دینے اور پارٹی کو مشکل وقت میں زندہ رکھنے والے عمران مرتضیٰ حانی خاں کو آصف زرداری دوبارہ متحرک کرنے اور انتخابی سیاست میں لانے کے خواہاں ہیں۔پی پی پی رہنماؤں کے الیاس انصاری کے ساتھ بھی رابطے سامنے آئے ہیں اور انہیں واپس اپنی پرانی پارٹی میں لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔پیپلز پارٹی کوشش کر رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ لمبی اننگز کھیلنے والے چوہدری ظہیرالدین کو بھی واپس لے آئے اس کے لئے بھی ق لیگ سے پی پی پی میں واپس آنیوالی ایک اہم شخصیت کو ٹاسک دیدیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پرانے جیالوں کو واپس لانے اور اہم شخصیات کو بلاول کا ہم رکاب کرنے کیلئے مخدوم فیصل صالح حیات‘ مخدوم احمد محمود‘ یوسف رضا گیلانی‘قمر زماں کائرہ اور بعض دیگر اہم شخصیات سرگرم ہیں۔اتنے بڑے پیمانے پر پی پی پی کے فیصل آبادمیں رابطوں کو سیاسی حلقے انتہائی اہم قرارد ے رہے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment