زرعی یونیورسٹی میں نئے بزنس آئیڈیازبارے کانفرنس شروع


فیصل آباد(نیوزلائن)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ملک بھر کی جامعات کے زیرتعلیم طلباء و طالبات میں نئے بزنس آئیڈیازپر مبنی ڈائس ایگریکلچرو فوڈ کانفرنس ایونٹ شروع ہوگیا۔ نمائش میں ملک بھر سے 30سے زائد جامعات کے طلبہ ڈیڑھ سو بزنس آئیڈیاز کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستان میں بلجیم کے سفیر مسٹر فریڈریک ورہیڈن نے ایکسپوسینٹر میں وائس چانسلرڈاکٹر اقبال ظفر اور ڈاکٹر ظہیر احمد کے ہمراہ ڈائس نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلجیم کے سفیر نے کہاکہ پاکستان میں ان کا سفارتخانہ آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں میں بیلجیم کی جامعات کو متعارف کروارہا ہے اور اس وقت 100سے زائد پاکستانی طلبہ بیلجیم کی جامعات میں مختلف ڈگری پروگرامز میں زیرتعلیم ہیں۔ نیو سینٹ ہال میں ریسرچ کمرشلائزیشن کے حوالے سے بھی خصوصی سیمینار ہوا جس سے خطاب میں ڈاکٹراقبال ظفر نے کہا کہ ملک کی ایک تہائی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جسے معاشی و کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرکے غربت کے خاتمہ کیلئے یونیورسٹی طلبہ کے اچھوتے بزنس آئیڈیاز بنیادی کردار اد کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے کہا کہ تحقیق اسی صورت میں معاشرے کیلئے مفید ثابت ہوسکتی ہے جب اس کے نتائج اور تجاویز کو قابل عمل صورت میں استعمال کیاجائے۔ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر نے کہاکہ آج ہمیں نوجوانوں کی صورت میں ایک بڑا ذہنی و فکری سرمایہ حاصل ہے جن کے اذہان و قلوب کے آنیوالے نئے آئیڈیازکوکاروبارکی سطح تک لیجانا انتہائی اہم پیش رفت ہوگی۔ تقریب سے سپریئریونیورسٹی کے ڈاکٹر احمد رضا بلال ،چیف ایگزیکٹیو آفیسرڈائس خورشید قریشی، ایوان صنعت و تجارت کے صدر شبیر حسین چاولہ نے بھی خطاب کیا۔

Related posts

Leave a Comment