فیصل آباد کیلئے 13ارب کے 5میگا پراجیکٹ منظور


فیصل آباد(نیوزلائن)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فیصل آباد کیلئے 13 ارب روپے کے 5میگا پراجیکٹ کی منظوری دیدی ہے۔ پنجاب حکومت کے خصوصی فنڈز سے کینال روڈ پر کشمیرپل انڈر پاس ‘کینال سروس روڈ ‘ناولٹی پل انڈر پاس ‘ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس اور دو رویہ امین پور روڈ تعمیر کی جائے گی۔ منصوبوں کے ہوم ورک کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایف ڈی اے اصغر علی ‘ ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک عارف رؤف ‘ ایکسئین روڈز رانا عمیر لطیف ‘ ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ محمد سعید ‘ ایکسئین میونسپل کارپوریشن خالد جاوید اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے پانچ میگا پراجیکٹس کے آغاز کیلئے محکمانہ کارروائی بلاتاخیر مکمل کی جائے اور عوامی اہمیت و نمایاں ترقی کے ان منصوبوں کے ڈیزائن اور تکنیکی امور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہونے چاہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کہ کینال روڈ پر کشمیر انڈر پاس ‘کینال سروس روڈ ‘ناؤلٹی پل انڈر پاس ‘ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس اور دو رویہ امین پور روڈ کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے تمام تر انتظامات و فنی تقاضے پیشگی بنیادوں پر پورا کریں ۔ انہوں نے کشمیر پل انڈر پاس اور امین پور روڈ کو بائی پاس سے موٹر وے انٹر چینج تک دو رویہ تعمیر کرنے کے منصوبوں کے تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاریوں کے حوالے سے محکمانہ امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

Related posts

Leave a Comment