ریجنل کرکٹ:سعیداجمل نے فیصل آباد کوعرش سے فرش پرلاپھینکا


فیصل آباد(رپورٹ احمد یٰسین )مصباح الحق کو بھی ریجن سے زیادہ اپنے ڈیپارٹمنٹ پیارا نکلا۔ماسٹر سپنر سعید اجمل نے غیرمعیاری ‘واجبی کارکردگی سے فیصل آباد ریجن کرکٹ ٹیم کو عرش سے فرش پر لا پھینکا۔ٹورنامنٹ سے پہلے بہترین کھلاڑیوں کا کمبی نیشن قرار دی جانیوالی فیصل آباد کی ٹیم سعید اجمل جیسے بڑے نام کی موجودگی کے باوجود ذلت کی اتھاہ گہرائیوں میں گر گئی۔قومی سپنر کی قیادت میں فیصل آباد ریجن کی ٹیم قائد اعظم ٹرافی میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی ۔ اور پے در پے شکست اس کا مقدر بنتی رہی۔ اور ٹورنامنٹ میں 16ٹیموں کے مقابلے میں 16ویں پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔اور واپس گریڈ ٹو میں دھکیل دی گئی۔فیصل آباد کی ٹیم نے بدترین کاکرکردگی میں فاٹا‘ خان ریسرچ لیبارٹریز‘ اور پی ٹی وی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔پی سی بی کے جاری کردہ نتائج ک مطابق قائداعظم ٹرافی فیصل آباد ریجن کی ٹیم کیلئے بھیانک خواب ثابت ہوئی۔فیصل آباد کی ٹیم ٹورنامنٹ کی سب سے نکمی ٹیم ثابت ہوئی۔قائداعظم ٹرافی شروع ہونے سے پہلے کوچز او رخود سعید اجمل فیصل آباد کی ٹیم کو انتہائی بیلنس اور بھرپور تیار ٹیم قرار دے رہے تھے۔مگر میدان میں یہ سکواڈ ریت کی دیوار ثابت ہوا۔سعید اجمل سمیت کوئی بولر مخالف بلے بازوں کیلئے چیلنج نہ بنا سکا۔بلے بازی میں بھی فیصل آباد کا کوئی ایک بھی کھلاڑی قابل ذکر کھیل نہ دکھا پایا اور سیر سپاٹوں کے علاوہ فیصل آباد کے کھلاڑیوں اور کوچز نے کوئی قابل ذکر معرکہ سر نہ کیا۔فیصل آباد کی ٹیم ہر میدان میں ناکام رہی۔اور ہر ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوتی گئی۔اپنا ایکشن چیلنج ہونے سے پہلے دنیا کے نمبر ون سپنر بن چکے سعید اجمل نئے ایکشن میں عالمی کرکٹ تو کیا ریجنل کرکٹ میں بھی ناکامیوں کی گرداب سے نہ نکل پائے اور 12اننگز میں صرف 16وکٹیں لے کر ٹورنامنٹ کے 33ویں نمبر کے بولز ثابت ہوئے۔سعید اجمل کے علاوہ بھی فیصل آباد ریجن کے کسی کھلاڑی میں قابل ذکر کھیل نظر نہ آیا اور کوئی بلے باز یا بولر اپنے کوچز کی محنت کی لاج رکھنے میں کامیاب نہ ہوا۔ قائداعظم ٹرافی گریڈ ون میں ناکام ترین کارکردگی کا انعام فیصل آباد کو گریڈ ٹو میں دھکیل کر دیا گیا۔کچھ عرصہ قبل ہی مصباح الحق کی کارکردگی کی بدولت گریڈ ٹو سے نکل کر گریڈ ون میں آنیوالی فیصل آباد ریجنل کرکٹ ٹیم واپس گریڈ ٹو میں پہنچ کر اپنے مقام پر آگئی۔

Related posts

Leave a Comment