ایف بی آر کے انٹیلی جنس ونگ میں جعلی نوٹس کاپراسرار دھندہ‘ کروڑوں کا گھپلا


فیصل آباد(ندیم جاوید سے) ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد میں ایف بی آر کے انٹیلی جنس ونگ نے جعلی نوٹس جاری کرکے بزنس کمیونٹی کو لوٹنے کا دھندہ شروع کردیا۔چند سالوں میں ہزاروں جعلی ٹیکس نوٹس جاری کرنے اور بزنس کمیونٹی سے نذرانے لے نوٹس پھاڑ دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔نوٹس کے اجراء کے ریکارڈ اور کارروائی کے ریکارڈمیں اتنے بڑے پیمانے پر فرق نے ایف بی آر حکام کو چونکا دیا۔ نیوزلائن کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس میں انٹیلی جنس و انویسٹی گیشن ونگ کے بعض افسران نے جعلی نوٹسوں کے اجراء اور ان کی بنیاد پر بھاری نذرانے لینے کا خفیہ دھندہ شروع کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس چوری میں ملوث بزنس کمیونٹی کے افراد کو ٹیکس چوری کے نوٹس جاری کئے گئے۔آفس طلب کیا گیا ان کے ساتھ ون ٹو ون ملاقاتوں میں معاملات طے کئے گئے۔ جس کے بعد نوٹس پراسرار طورغائب اور معاملہ ٹھپ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں ہزاروں کی تعداد میں نوٹس جاری ہونے کا ریکارڈ تو ملتا ہے مگر ان پر بعد ازاں کوئی کارروائی نہیں کی جاتی رہی۔اتنے بڑے پیمانے پر نوٹس جاری کئے جانے اور بغیر کارروائی ان کا معاملہ ہی ’’گول‘‘ کر دینے پر ایف بی آر حکام چونک پڑے ہیں۔ذرائع کے مطابق آر ٹی او فیصل آباد میں گزشتہ چند سالوں میں آئی اینڈ آئی ونگ کی جانب سے ہزاروں  ایسے نوٹس جاری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جن میں بزنس کمیونٹی کو طلب کیا گیا مگر بعد ازاں یہ معاملہ بغیر کسی کارروائی کے پراسرار انداز میں ’’گول‘‘ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس سارے معاملے میں انٹیلی جنس ونگ کے 10سے 12افراد کے ملوث ہونے کے شواہد مل رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سارے معاملے کا سراغ لگایا جائے تو کروڑوں روپے کے نذرانے لے کر اربوں روپے کی ٹیکس چوری کو تحفظ دئیے جانے کا انکشاف سامنے آئے گا۔

Related posts

Leave a Comment