About



فیصل آباد کے نام سے جانے جاتے پاکستان کے تیسرے بڑے شہرکا ساندل بار سے شروع ہونے والے سفر میں چناب کالونی اورلائلپور کے نام سے دو پڑاؤ بھی آئے۔ فیصل آبادباقاعدہ منصوبہ بندی کیساتھ بنایا گیا پاکستان کاواحد شہر ہے
فیصل آباد آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا تیسرا اور پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے، صنعت و تجارت کے لحاظ سے بھی فیصل آباد ملک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ قیام پاکستان کے وقت یہاں دو درجن کے قریب چھوٹے بڑے کارخانے تھے جن کی تعداد 1948 میں43 ہوگئی۔ اب صنعتی یونٹوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے۔ ٹیکسٹائل کی صنعت پورے ملک میں سب سے زیادہ اس شہر میں ہے۔ کپڑے کی صنعت کے علاوہ آٹے،پٹ سن، بناسپتی گھی، خوردنی تیل، مشروبات، شکر، پلائی وڈ، چپ بورڈ، مصنوعی کھاد،ہوزری، نشاستہ،گلوکوز، آرٹ سلک، ٹیکسٹائل، مشینری، زرعی آلات اور کلاک تیار کرنے کے بہت سے کارخانے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ملکی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ نصف کے قریب ہے۔
ایشیاء کی سب سے بڑی اور پاکستان کی واحد زرعی یونیورسٹی کے علاوہ اپنی نوعیت کا منفرد اور یکتا ٹیکسٹائل کالج بھی یہاں موجود ہے۔ تاریخی گورنمنٹ کالج دھوبی گھاٹ کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جاچکا ہے۔کپڑے کے برآمد کنندگان کی سب سے بڑی تنظیم آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا ہیڈ آفس بھی یہیں ہے۔