باشعور عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو مسترد کردیا: شہزاد یونس

فیصل آباد (نیوز لائن) صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شہزاد یونس شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام نے (ن)لیگ اور پی پی کی منفی سیاست کو رد کر دیا ہے اور یوم سیاہ کی ناکامی اپوزیشن کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔اپوزیشن جماعتیں محض ذاتی مفادات کی خاطر آج اکٹھی ہوئی ہیں۔ مخالفین کے پاس پاکستان کو آگے لے جانے کا کوئی ایجنڈا نہیں اور یہ عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ذاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔نئے پاکستان میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں۔ عوام نے ملک کو کنگال کر کے دوسرے ملکوں میں بھاگ جانے والے سیاسی بھگوڑوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیا ہے سابق حکومت کی دس سالوں کی سیاہ کاریوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن بن چکا ہے جو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دے گا۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کودو نہیں ایک پاکستان اور کرپشن کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے جس سے کسی صورت انحراف نہیں کیا جا سکتا ، 25جولائی کے ناکام شو سے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ انتہائی دورس نتائج کا حامل ہے ۔انہوں نے شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6جوانوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں اور پاک فوج کے جوانوںکی شہادتوں کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔

Related posts