جسمانی تشدد سے 12سالہ لڑکا قتل: پولیس کیخلاف لواحقین کا احتجاج

فیصل آباد (نیوز لائن) فیصل آباد کے نواحی علاقے میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کے بارہ سالہ لڑکے کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق رشید آباد گلی نمبر دو کے رہائشی شہزاد مسیح کا 12سالہ بیٹا بادل چک نمبر 123ج ب سدھو پورہ میں کباڑ کی دکان پر ڈیلی ویجز پر کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز وہ شدید زخمی حالت میں گھر پہنچایا گیا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جاں بحق ہوگیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بادل کو آہنی راڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے مقتول بادل کے والد کی رپورٹ پر کباڑ کی دکان کے مالک عرفان اور اس کے بھائی اکرام کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ کے اندراج میں تاخیر اور ملزموں کی فوری گرفتاری نہ کرنے پر مقتول کے لواحقین نے تھانہ غلام محمد آباد پولیس کے خلاف احتجاج بھی کیا تاہم اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ مذاکرات اور ملزمان کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔

Related posts