کمشنر فیصل آباد کی جی سی ویمن یونیورسٹی کی وی سی سے ملاقات

فیصل آباد (نیوز لائن) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے قائمقام وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن پروفیسر ڈاکٹر کنول امین سے ملاقات کی۔اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی لطیف نذر،شکیل شاہد،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی ودیگر بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے وائس چانسلر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جی سی وومن یونیورسٹی کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی ناگزیر ہے تاکہ خواتین کو مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کی وسیع اور معیاری سہولیات حاصل ہوسکیں۔اس ضمن میں انتظامی کاوشوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے،ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے یونیورسٹی کے مسائل کے حل اور ترقی کے اقدامات میں بھرپور معاونت کی جائے گی۔ارکان صوبائی اسمبلی لطیف نذر اور شکیل شاہد نے جی سی وومن یونیورسٹی کے ترقیاتی امور میں اپنے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر خواتین کی اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے لئے یہ یونیورسٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کی بدولت نہ صرف فیصل آباد بلکہ ارد گرد کے قریبی اضلاع سے تعلق رکھنے والی طالبات کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لئے خاطر خواہ مواقع حاصل ہیں لہذا یونیورسٹی کے انتظامی مسائل حل کرنے کے لئے حکومت پنجاب سے رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو ان کے گھروں کے قریب اعلیٰ تعلیم کے وسیع مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرور اقدامات کررہی ہے اس ضمن میں گرلز کالجز اور یونیورسٹیز کو ترقی سے ہمکنارکریں گے۔قائمقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ڈویژنل کمشنر اور ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وہ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں باقاعدہ وائس چانسلر کے طور پرخدمات انجام دے رہی ہیں اور انہیں اس یونیورسٹی کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے سنڈیکیٹ اوربجٹ کے بارے میں اظہار خیال کیا اور کہا کہ جی سی وومن یونیورسٹی کے انتظامی معاملات میں بہتری اورمعیارتعلیم میں مزید اضافہ کرنے کے لئے مختلف اصلاحات زیر غور ہیں۔

Related posts