جی سی یونیورسٹی : وی سی نے دورہ یورپ کی خفیہ آفر مسترد کردی

فیصل آباد (احمد یٰسین) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے آسٹریا اور دیگر پرفضاء یورپی مقامات کا تمام لوازمات کے ساتھ مفت ”تفریحی“ دورہ کروائے جانے کی خفیہ آفر کو یک زبان مسترد کردیا۔ تمام لوازمات کے ساتھ دورہ کروائے جانے کی آفر لے کر آنے والے فیکلٹی ممبرکو آفس سے نکال دیا جبکہ مذکورہ فیکلٹی ممبر کے پنج رکنی گروپ کیلئے بھی اپنے آفس کے دروازے بند کردئیے۔ نیوز لائن کے مطابق جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال کے حوالے سے سامنے آیا ہے کہ انہیں یونیورسٹی کے ایک فیکلٹی گروپ کی طرف سے یورپی ممالک کا مفت تفریحی دورہ کروائے جانے کی خفیہ آفر کی گئی ۔ دورہ یورپ میں وی سی کو تمام ”لوازمات“ فراہم کئے جانے کی بھی پیش کش کی گئی ۔ بڈاکٹر شاہد کمال کے تفریحی دورے کے تمام اخراجات بھی اسی گروپ کی طرف سے ادا کئے جانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ ذرائع کے مطابق وی سی کو یورپ کے دورے میں آسٹریا‘ جرمنی اور قریب قریب کے دیگر مقامات کی خوبصورتی کی منظر کشی کرکے ان سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دلائی گئی تاہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے ”تفریح“ کے نام پر ”لوازمات“ پیش کئے جانے والے ”تفریحی“ دورہ یورپ کی آفر کو یکسر مسترد کردیا ۔یورپ کی حشر سامانیوں سے لطف اندوز ہونے کی آفر کرنے والے فیکلٹی ممبر اور ان کے ساتھیوں کی ”خوبصورت“ الفاظ میں سرزنش کی ۔ آئندہ کیلئے اس فیکلٹی گروپ پر آفس کے دروازے بند کرنے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شاہد کمال نے فیکلٹی کے مختلف گروپوں کی طرف سے ڈنر اور دیگر لوازماتی دعوتوں کو بھی یکسر مسترد کردیا ہے اور اس قسم کی دعوتیں دینے والوں گھر کے کھانے اور ”گھریلو زندگی“ کی فضیلت و فوائد سے نواز رہے ہیں۔

Related posts