جی سی یونیورسٹی : کیرئیر کونسلنگ کی انچارج سحر جاوید کا خصوصی انٹرویو


جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے اپنے قیام کے بعد انتہائی مختصر عرصے بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔یونیورسٹی کو بنے ابھی دو دہائیاں بھی نہیں ہوئیں اور ملک بھر کے ساتھ عالمی سطح پر بھی اس نے اپنا نام بنایا ہے۔ یونیورسٹی میں دیگر شعبہ جات کے ساتھ طلبہ کی عملی زندگی کے حوالے سے رہنمائی کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد طلبہ کو سب سے پہلی مشکل اپنے کیرئیر کے حوالے سے درپیش ہوتی ہے۔ مناسب رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے طلباء و طالبات کیلئے عملی زندگی میں پرفارم کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔ طلبہ کی انہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے کیرئیر کونسلنگ سنٹر قائم کیا ہے جسے سابقہ طلبہ کی ایسوسی ایشن کی ممبرشپ کرنے اور تنظیمی امور چلانے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ گزشتہ ایک سال میں کیرئیر کونسلنگ سنٹر کی کارکردگی طلبہ کی مناسب رہنمائی سے ہی عیاں ہے۔ ان دنوں جی سی یونیورسٹی کے کیرئیر کونسلنگ سنٹر کی انچارج کی ذمہ داری ڈیپارٹمنٹ آف انگلش لٹریچر کی فیکلٹی ممبر‘ کمیونیکیشن ایکسپرٹ اور پی ایچ ڈی سکالر سحر جاوید سر انجام دے رہی ہیں۔ سحر جاوید ملکی سطح پر نام بنانے والی یونیورسٹی کی ڈرامیٹک سوسائٹی کی انچارج کے طور بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔کیرئیر کونسلنگ سنٹرکی ورکنگ اور ایلومینائی رجسٹریشن اور ڈرامیٹک سوسائٹی کی کاوشوں کے حوالے سے نیوز لائن نے ان کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا۔ اس نشست میں ہونیوالی گفتگو نذر قارئین ہے۔

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد طلبہ کو زیور تعلیم سے مالا مال کرنے کے ساتھ عملی زندگی کی مشکلات کا مقابلہ کرنے قابل بھی بنا رہی ہے۔ یونیورسٹی میں طلبہ کو صرف تعلیم نہیں دی جارہی انہیں عملی زندگی میں جانے کے بعد مشکلات کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کرنے اور ملازمت کے حصول سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے کے قابل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔کیرئیر کونسلنگ سنٹر جی سی یونیورسٹی کے طلبہ کو عملی زندگی میں جاتے ہی فوری درپیش آنے والے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ طلبہ کو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ملازمت کی تلاش‘ اس کے حصول کی تیاری‘ ملازمت تک رسائی کیلئے سی وی اور انٹرویو کی تیاری بارے تربیت دی جاتی ہے۔ طلبہ کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں انہیں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد عملی زندگی میں درپیش آنیوالے حالات اور مشکلات سے آگاہ کرنے اوراس کیلئے ذہنی طور پر تیار کیا جاتا ہے ۔یونیورسٹی تسلسل کے ساتھ طلبہ کی رہنمائی کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کررہی ہے۔ طلبہ کی رہنمائی کیلئے پمفلٹ اور آگاہی مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

جی سی یونیورسٹی کے سٹوڈنٹ پورٹل پر طلبہ کو ملازمت کے مواقع کے بارے لمحہ بہ لمحہ معلومات دی جارہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ملازمت کے مواقع کے پچاس کے لگ بھگ اشتہارات پورٹل پر لگائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیرئیر کونسلنگ سنٹر مختلف اداروں سے براہ راست رابطے میں ہے اور ان کی ڈیمانڈ کے مطابق طلبہ کو ان کی جانب ریفر کیا جاتا ہے اس طرح سے یونیورسٹی کا ایک جاب بنک ڈیٹا تیار ہورہا ہے جو مستقبل قریب میں یونیورسٹی طلبہ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔عملی طور پر یونیورسٹی کے کیرئیر کونسلنگ سنٹر میں جاب بنک تشکیل پارہا ہے۔ طلبہ کی ضروریات کے مطابق یہاں ملازمت کے مواقع کی معلومات جمع ہو رہی ہیں جبکہ ملازمت کے مواقع کے حساب سے طلبہ کی رہنمائی بھی کی جارہی ہے۔ عملی طور پر یہی جاب بنک کا کام ہے ۔ مستقبل میں مزید کام ہو گا تو یہ فیصل آباد کا سب سے بڑا جاب بنک بن جائیگا۔ کیرئیر کونسلنگ سنٹر میں طلبہ کو مقابلے کے امتحانات کیلئے رجسٹریشن کروانے‘ ان کیلئے مضامین کی چوائس اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری کیلئے معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے تمام طلبہ ایک فیملی کی مانندہیں۔ سابقہ طلبہ کو یونیورسٹی کے ساتھ شامل رکھنے ‘جامعہ کے ساتھ انکے روابط قائم رکھنے اور ان کے ساتھ یونیورسٹی کا مادر علمی کا رشتہ مضبوط بنانے کیلئے ایلومینائی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی میں سابقہ طلبہ کی اس تنظیم کے ساتھ تمام طلبہ رابطے میں نہیں رہتے تھے جبکہ ایلومینائی کی رجسٹریشن بھی تسلسل کے ساتھ نہیں کی جاتی تھی ۔ یونیورسٹی نے اس عمل کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی ہے۔ ایلومینائی کی رجسٹریشن کو بہتر بنایا ہے۔ طلبہ کو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد یونیورسٹی فیملی میں شامل رکھنے کیلئے تمام طلبہ کو ایلومینائی ممبر بنایا جارہا ہے۔ ایلومینائی رجسٹریشن کروانے والے طلبہ کے کارڈ بنائے جارہے ہیں جس سے طلبہ کو کسی بھی کام کیلئے یونیورسٹی آنے کے حوالے سے مشکل بھی حل ہوتی ہے اور ان کا مادر علمی کے ساتھ رشتہ بھی برقرار رہتا ہے۔ بطور سابق طالب علم یونیورسٹی اپنی تعلیم مکمل کرنے والے تمام سابق طلباء و طالبات اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر کیرئیر کونسلنگ کے پورٹل میں جاکر تمام سابقہ طلبہ اپنی آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

جی سی یونیورسٹی کی ڈرامیٹک سوسائٹی نے مختصر وقت میں پاکستان بھر میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ اس وقت ہماری ڈرامیٹک سوسائٹی ملک بھر میں اکیڈمک ڈرامیٹک سوسائٹیز میں سرفہرست تسلیم کی جارہی ہے۔ ہم مستقبل میں مزید کامیابیوں کیلئے طلبہ کو مزید محنت کروا رہے ہیں۔ اس وقت جی سی یو ایف کی ڈرامیٹک سوسائٹی کے 70کے ممبر ہیں جو پانچ مختلف تھیم میں پرفارم کررہے ہیں۔

کیرئیر کونسلنگ سنٹر طلبہ کو سکالر شپس کے مواقع کے حوالے سے بھی لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھتا ہے۔ دنیا بھر میں اور ملکی سطح پر سکالرشپس کے مواقع کے بارے میں یونیورسٹی پورٹل کے ذریعے طلبہ کو معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ سکالر شپس کیلئے اپلائی کرنے کیلئے بھی طلبہ کو معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

انٹرویو : احمد یٰسین

Related posts