جی سی یونیورسٹی فیصل آباد: وی سی نے تمام فیکلٹی کے سی و ی طلب کرلئے

فیصل آباد (نیوز لائن) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے اساتذہ کے مابین سنیارٹی کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے تنازعات کو حل کرنے اور پروموشن کیسز تیار کرنے کیلئے وائس چانسلر نے تمام فیکلٹی ممبران کے تصدیق شدہ سی وی طلب کرلئے ہیں۔ فیکلٹی ممبران کے مکمل پروفائل متعلقہ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور ڈین کی تصدیق کے ساتھ رجسٹرار آفس میں جمع کروانے کی ہدائت کی گئی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں سنیارٹی تنازعات تیزی سے بڑھتے جانے کے معاملے کا وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے سخت نوٹس لیا ہے۔ اس معاملے میں رجسٹرار آفس کا ریکارڈ اپ ڈیٹ نہ ہونے کا بھی انہوں نے سخت نوٹس لیا اور ریکارڈ مکمل اور اپ ڈیٹ نہ رکھنے پر رجسٹرار آفس کے متعلقہ حکام کی سرزنش کی ہے۔ جبکہ تمام فیلٹی ممبران کے تصدیق شدہ مکمل پروفائل سی وی بھی طلب کر لئے ہیں۔ یونیورسٹی کے تمام ڈیپارٹمنٹس کے انچارج صاحبان کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبہ کے تمام فیکلٹی ممبران کے پروفائل سی وی اپنی تصدیق کے ساتھ متعلقہ ڈین کے پا س جمع کروائیں۔ تمام ڈین سی وی کی خود بھی تصدیق کریں گے اور تصدیق شدہ سی وی (پروفائل) رجسٹرار آفس میں جمع کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی حکام کی طرف سے سی وی مانگنے کا مقصد فیکلٹی ممبران کے پروفائل اپ ڈیٹ کرنا‘ پروموشن کیلئے استحقاق تیار کرنا اور فیکلٹی ممبران کے مابین سنیارٹی کے جھگڑے مستقل بنیادوں پرطے کرنا ہے۔اپنے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کی تصدیق کے ساتھ پروفائل سی وی جمع نہ کروانے والے فیکلٹی ممبران یونیورسٹی کی پروموشن پالیسی سے استفادہ نہ کرسکیں گے جبکہ ان کیخلاف انضباطی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ جبکہ پروفائل سی وی کی غلط تصدیق کرنے اور سکروٹنی درست نہ کرنے والے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور ڈین کیخلاف بھی ایکشن لیاجائے گا۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر جی سی یونیورسٹی کے پی آر او ڈاکٹر عمران مسلم کا کہنا تھاکہ انہیں ایسے کسی نوٹیفکیشن کے بارے میں علم نہیں ہے۔ فیکلٹی کے سی وی تو پہلے ہی یونیورسٹی میں جمع ہوتے ہیں اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے پروفائل سیکشن میں لگے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نوٹیفکیشن ان کیلئے ہوسکتاہے جو اگلے گریڈ میں جانے کے امیدوار ہوسکتے ہیں۔

Related posts