حکومتی ایجوکیشن پالیسی کیخلاف پنجاب کی تمام اساتذہ تنظیموں کا اتحاد

فیصل آباد (نیوز لائن) تحریک انصاف حکومت کی ایجوکیشن پالیسی کیخلاف پنجاب کی تمام اساتذہ تنظیمیں متحد ہوگئیں۔ صوبہ بھر کی تمام اساتذہ اور ہیڈماسٹرز کی تنظیمیں توڑ دی گئی ہیں اور حکومت کی ایجوکیشن پالیسی کیخلاف مزاحمت کیلئے ”تحریک اساتذہ پنجاب“کے نام سے مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیدیا گیا ہے۔تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کے اساتذہ نے حکومت کی ایجوکیشن پالیسی کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور حکومتی ایجوکیشن پالیسی کو مسترد کرکے اس کیخلاف مشترکہ جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ”تحریک اساتذہ پنجاب“ کے نام سے مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے۔ تحریک اساتذہ پنجاب میں صوبہ بھر کی ڈیڑھ درجن کے لگ بھگ اساتذہ تنظیمیں شامل ہوئی ہیں اور مشترکہ جدوجہد کیلئے چارٹر بھی تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ چند دن میں بھجوا دیا جائے گا۔ چارٹر آف ڈیمانڈ منظور نہ ہونے اور مجوزہ ایجوکیشن پالیسی میں اساتذہ کے تحفظات دور نہ کرنے پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحریک اساتذہ پنجاب کاچیئرمین اللہ بخش قیصرکو نامزد کیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری جنرل حافظ عبدالناصراور سیکرٹری اطلاعات چوہدری سرفراز احمدہوں گے۔ مشترکہ فیصلوں کیلئے سپریم کونسل اور سات رکنی کور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اہم فیصلوں کیلئے تشکیل دی گئی کور کمیٹی کے اتکان میں چوہدری صفدر‘ چوہدری سرفراز احمد‘ حافظ عبد الناصر‘ اللہ بخش قیصر‘ امتیاز عباسی‘ حافظ غلام محی الدین‘ رشید احمد بھٹی شامل ہیں

Related posts