اسوہ رسول کو عملی زندگی میں اپنائے بغیر کامیابی ممکن نہیں‘ ڈاکٹر طیبہ

فیصل آباد(نیوز لائن) نبیؓ کی حیاتِ طیبہ کا مطالعہ کرنے سے ہمیں زندگی گزارنے کے تمام طریقوں کا پتہ چلتا ہے یہی وجہ ہے کہ آپؓ کو دنیا میں رحمتہ اللعالمین بنا کر مبعوث فرمایا گیا ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے عید میلادالنبیؓ کے حوالہ سے بورڈ آفس میں ہونے والے سکولز اور کالجز لیول کے نعتیہ اور اسلامک کوئز مقابلوں کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروگرام کے مہمان ِ خصوصی چوہدری رضا نصراللہ گھمن ایم این اے سیکرٹری بورڈ پروفیسر محمد افضل چوہدری کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی اور عبدالرحیم بابر ڈوگر ویلفیئر آفیسر کے علاوہ دیگر اداروں کے پرنسپلز اساتذہ اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد بھی وہاں موجود تھی۔ چیئرپرسن نے کہا کہ ربیع الاول کی مناسبت سے ہم نے ڈویژن بھرسے تعلق رکھنے والے سکولز اور کالجز کی سطح کے طلبا وطالبات کے مابین مقابلوں کا اہتمام کیا جس کا مقصد نبی کریمؓ کی سیرت کے حوالہ سے بچوں میں شعور و آگہی پیدا کرنا ہے کیونکہ جب تک ہم نبی کریمؓ کے بتائے ہوئے اصولوں کو عملی طور پر اپنی زندگی پر نافذ نہیں کریں گے ہم میلادالنبیؓ کی حقیقی خوشیاں حاصل کرنے سے محروم رہیں گے اس موقع پر مہمانِ خصوصی چوہدری رضا نصراللہ گھمن ایم این اے نے جشن عیدمیلادالنبیؓ کے موقع کی مناسبت سے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں مقابلوں کے انعقاد پر چیئرپرسن بورڈ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں ایسے اسلامی مقابلوں کا انعقاد بلاشبہ ڈاکٹر طیبہ شاہین کی ذاتی دلچسپی اور ان کی نبی کریمؓ سے والہانہ محبت و عقیدت کا واضح ثبوت ہے ایسا ہونا بھی چاہئے کیونکہ نبیؓ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ نبی کریمؓ کی ولادت کے موقع پر خوشی منانا اچھی بات ہے تاہم جب تک ہم نبی کریمؓ کی سیرت کو نہیں اپنائیں گے ہمارے جینے کا مقصد پورا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان کے خلاف جو سازشوں میں مصروف رہتی ہیں ان کادرد صرف پاکستان کے ایک اسلامی فلاحی مملکت بننے میں ہے کیونکہ یہاں محمد عربیؓ کے پیروکار رہتے ہیں اس لئے وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی لاکھ کوششیں بھی کر لیں مگر وہ نامراد ہی رہیں گے کیونکہ یہ کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ہوا خطہ ہے انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کے فیصلے کرنے والا ملک بن جائے ہو گا۔

Related posts