طلبہ پاکستان کا روشن اور اجلا امیج دنیا کے سامنے لائیں: ڈاکٹر عاصم محمود

فیصل آباد (نیوز لائن) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین آرٹس و سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عاصم محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ کو زیور علم سے مالا مال کرنے کے ساتھ غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شمولیت کے مواقع بھی فراہم کرے۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے ہمیشہ بچوں کو صحت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع دئیے اور غیررسمی انداز میں بچوں کی اخلاقی و سماجی تربیت بھی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ تاریخ و پاکستان سٹڈیز کے سالانہ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عاصم محمود نے کہا کہ طلبہ کو غیرنصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شامل ہوتے دیکھ کر خوشی ہوئی اور جس خوبصورت انداز میں طلبہ نے اپنا پیغام سب تک پہنچایا اسے دیکھ کر خوش آئند احساس ہوا۔ اس کے ساتھ ہم توقع رکھتے ہیں کہ شعبہ تاریخ و پاکستان سٹڈیزکے طلبہ پاکستان کا روشن اور پڑھا لکھا امیج سامنے لانے کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔ اس موقع پر انچارج ڈیپارٹمنٹ آف تاریخ و پاکستان سٹڈیزڈاکٹر رضوان اللہ کوکب نے کہا کہ ہم خوش آئند روایات کو آگے لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سالانہ ڈنر کے انعقاد کے حوالے سے ہماری کوشش رہی کہ اس میں صرف ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران ہی حصہ لیں جبکہ تمام خاکے اور مکمل ایونٹ پاکستان کے کلچر اور سماجی و اخلاقی اقدار کا رنگ پیش کریں جس میں ہم بڑی حد تک کامیاب رہے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے جس خوبصورت انداز میں اپنا پیغام حاضرین تک پہنچایا وہ تحسین کے لائق ہے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے ملک ترقی کیلئے اتحادو یگانگت کے پیغام پر مبنی اور کلچرل خاکے بھی پیش کئے اورلوک گلوکاری کا مظاہرہ بھی کیا جبکہ طلبہ کے مابین مختلف مقابلہ جات بھی ہوئے ۔ تقریب کے دوران کلین اینڈ گرین ڈیپارٹمنٹ مقابلے میں اہم کردار ادا کرنے والے طلبہ اور دیگر مواقع پر اہم ذمہ داریاں ادا کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن کے انچارج ڈاکٹر اشرف اقبال ‘ ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمینٹل سائنسز کے ڈاکٹر ابراہیم و دیگر مختلف شعبہ جات کی اہم شخصیات کے علاوہ پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد صفدر نے بھی شرکت کی۔

Related posts