ڈپٹی کمشنر کا محکمہ تعلیم ‘ ڈی ایم او کی ”خانہ پری” رپورٹس پر اظہار ناراضگی

فیصل آباد (نیوز لائن) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد علی نے محکمہ تعلیم کی حقائق کے منافی خانہ پری رپورٹس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہو ئے سکو لوں کے باقاعدگی سے وزٹس کریں اور تعلیمی اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ کا سخت ترین نظام وضع کریں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے اجلاس کے دوران انہوں نے محکمہ سکول ایجوکیشن کی کارکردگی رپورٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ”خانہ پری” رپورٹس پر سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر صنم گوندل کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا۔ انہوں نے دونوں اداروں کے ذمہ داران کی سرزنش کی اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدائت کی۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر صنم گوندل اور دونوں ڈیپارٹمنٹس کے دیگر ذمہ داران پر واضح کیا کہ کے حقائق کے منافی رپورٹس پیش کرنے یا نہ کرنے سے کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔ حقائق کے منافی رپورٹس وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔ انہوں نے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر صنم گوندل کو ہدائت کی کہ انہیں حقائق پر مبنی رپورٹس فراہم کی جائیں اور اس ضمن میں خانہ پری نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اساتذہ کو دیئے گئے سلیبس کے مطابق اس کی تکمیل سے متعلق رپورٹ حاصل کریں اور عادی غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تدریسی وانتظامی امور پر گہری توجہ دی جائے اور طالب علموں کو معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی پر ہی مشن ہونا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کے داخلوں کو برقرار رکھنے کے لئے موثر حکمت عملی وضع کی جائے اس سلسلے میں والدین سے بھی قریبی رابطہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی روڈ میپ پروگرام کے تمام متعلقہ انڈیکیٹرز پر ذمہ داری سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ ضلع صوبائی رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کر سکے۔

Related posts