جی سی یونیورسٹی: ایڈوانس سٹڈیز ریسرچ بورڈ اجلاس ہرماہ کرنیکا فیصلہ

فیصل آباد (احمد یٰسین) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے ریسرچ کے معیار کو یقینی بنانے اور تحقیقی معاملات میں شفافیت لانے کیلئے ڈاکٹریٹ کے تحقیقی مواد کی بیرونی توثیق رپورٹ اوپن رکھنے اور ایڈوانس سٹڈیز ریسرچ بورڈ کا اجلاس ہر ماہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ گزشتہ روز جامعہ کے ایڈوانس سٹڈیز ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کے 32ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور’ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر عاصم محمود’ ڈین فزیکل سائنسز ڈاکٹر ناصر امین’ ڈین لائف سائنسز ڈاکٹر فرحت جبیں ‘رجسٹرار غلام غوث’ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر کے ایم ضیائ’ ڈائریکٹر کیو ای سی بابک محمود’ ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سلمیٰ سلطانہ’ ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر فریحہ انجم ‘ چیئرمین زوالوجی ڈاکٹر طیبہ سلطانہ’ چیئرمین انگلش ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر حیات’ چیئرمین باٹنی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر نعیم اقبال’ ڈاکٹر حضور صابر’ ڈپٹی کنٹرولر امتحانات عبدالمنان ‘ ایڈیشنل رجسٹرار آصف لطیف’ ڈاکٹر زاہد و دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تحقیقی مقالہ جات کی کسی رپورٹ کو خفیہ نہ رکھا جائے۔ تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پی ایچ ڈی کے تمام تھیسس کے موضوعات بورڈ میں تفصیلی غوروخوض کے بعد فائنل کئے جائیں۔ پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالہ جات کی بیرونی رپورٹس بھی ریسرچ بورڈ میں رکھی جائیں۔ انہیں خفیہ نہ رکھا جائے۔ اے ایس آر بی کا اجلاس ہر ماہ کیا جائے۔ اجلاس کا ایجنڈہ مختصر رکھاجائے اور ایجنڈے کے تمام نکات پر تفصیلی غور کرکے اس کی منظوری دی جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی سی یوایف کاعالمی سطح پرنمایاں مقام بنانے کیلئے ریسرچ کا معیار بہتر بنانے پر فوکس کرنا ہوگا۔ معیاری ریسرچ یونیورسٹی کی پوزیشن بہتر بنانے کے ساتھ ملک و قوم اور معاشرے کی بہتری کیلئے بھی ممدومعاون ثابت ہو گی۔ اجلاس کے دوران پی ایچ ڈی کے 17 اور ماسٹر آف فلاسفی کے 33 تحقیقی مقالہ جات کے موضوعات اور تحقیق کی ضرورت و اہمیت کا جائزہ لے کر انکی منظوری دی گئی۔

Related posts