حقوق نسواں کے سب سے بڑے داعی محمد عربی تھے: رضوان اللہ کوکب

فیصل آباد (نیوز لائن) حقوق نسواں کے سب سے بڑے داعی محمد عربی تھے۔ ونی، کاروکاری، ترکہ سے محرومی، قرآن سے شادی، مرضی کے خلاف شادی، تیزاب گردی جیسی سماجی برائیاں ایک مسلم ملک ہونے کے ناطے ہمارے ماتھے پر سیاہ نشان ہیں۔ حقوق نسواں کوئی مغربی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ اسلام نے خواتین کو بنیادی حقوق دئیے اور اس کیلئے قواعد تشکیل دئیے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی جناح ڈبیٹنگ سوسائٹی کے انچارج اور شعبہ تاریخ و پاکستان سٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر رضوان اللہ کوکب نے نظامت امور طلبہ کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں خواتین کو حقوق کی فراہمی کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔ امریکہ میں آج تک کوئی خاتون سربراہ حکومت نہیں بن سکی۔ آٹھ مارچ اس بات کی یاددہانی کا دن ہے کہ خواتین کے حقوق کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے اور معاشرے کے تمام شعبہ جات کو حقوق نسوا ں یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر زہرا بتول نے کہا کہ مرد اور عورت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ معاشرے میں زندگی گزارنے اور امور زندگی سرانجام دینے کیلئے دونوں کو یکساں مواقع ملنا چاہئیں۔ معاشرے میں مجموعی طور پر عورت کوتحفظ کا احساس ملنا چاہئے۔ دونوں کے درمیان مردوعورت کے علاوہ انسانیت کا رشتہ بھی ہونا چاہئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارم سلطانہ نے کہا کہ خواتین کو مجموعی قومی زندگی میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ ہمارے لئے شرم کا مقام ہے کہ ایک سال میں پونے دو ہزار خواتین جنسی زیادتی کا شکار ہوئی ہیں۔پانچ ہزار خواتین گھریلو تشدد کا نشانہ بنائی گئیں۔ خواتین حقوق کے چارٹر پر دستخط کرنے والے 169ممالک میں ہماری 164ویں پوزیشن ہمیں صورتحال سمجھانے کیلئے کافی ہونا چاہئے۔ صورتحال کا مقابلہ ہمیں علم سے کرنا ہے۔ ہم علم و حکمت کے معاملے میں ترقی کریں گے تو ہی اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کے قبل ہو سکیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر دلشاد محبت نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے اگرچہ انفرادی سطح پر ہمارے پاس کئی ایک اچھی مثالیں ہیں مگر مجموعی صورتحال ایسی نہیں ہے جسے تسلی بخش قرار دیا جا سکتے۔ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیئے ہیں صرف انہی پر عمل درآمد کروا لیں تو ہمارے ملک کی صورتحال انتہائی بہتر ہو جائے گی۔


Related posts