جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کا فائنل امتحانات آن لائن نہ لینے کا فیصلہ

فیصل آباد (نیوز لائن) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبہ کے فائنل ٹرم امتحانات آن لائن نہ لئے جائیں۔ 15ستمبر تک آن لائن کلاسز جاری رکھی جائیں اور کرونا کی صورتحال کنٹرول میں ہونے کے بعد 15ستمبر کو تعلیمی ادارے کھلنے پر یونیورسٹی میں امتحانات منعقد کئے جائیں۔ یہ فیصلے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے 21ویں اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد کمال نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیزڈاکٹر صوفیہ انور’ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر عاصم حسین’ ڈین لائف سائنسز ڈاکٹر فرحت جبیں’ ڈین فزیکل سائنسز ڈاکٹر ناصر امین’ رجسٹرار غلام غوث کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے انچارج اور اکیڈمک کونسل کے منتخب اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس میں فائنل امتحانات کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ امتحانات آ ن لائن نہ لئے جائیں بلکہ تعلیمی ادارے کھولے جانے کے حکومتی فیصلے کا انتظار کیا جائے۔ اجلاس میں مڈٹرم امتحانات کے متبادل کے طور پر دو اسائنمنٹ دینے کے معاملے پر دوبارہ بھی غور کیا گیا اور اسے درسے قرار دیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ملکی حالات ٹھیک نہ ہونے کی صورت میں 15ستمبر کو تعلیمی ادارے نہ کھلے تو اس صورت میں نئی صورتحال کے تناظر میں دوبارہ اجلاس کرکے فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ریسرچ کے طلبہ اور دور دراز کے رہنے والے طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

Related posts