نہری پانی چوری کرنے والوں کو جیل بھجوانے کا حکم


فیصل آباد (نیوزلائن) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ پانی چوری کرنے والے عناصر سے سخت طریقے سے نمٹا جائے اوراس فعل میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات کے اندراج کے ساتھ انہیں جیل بھجوائیں۔انہوں نے ضلع میں نہری پانی کی چوری کے واقعات کی سختی سے روک تھام کیلئے متعلقہ محکموں کو حکم دیا ہے کہ نہری نظام کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں اور ایسی وارداتوں میں ملوث عناصر کوقانون کے شکنجے میں لائیں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر میرمحمدنوازبھروانہ،ایکسئین انہار معین الدین،ایس ڈی او انہار جنید اکبراور دیگر افسران کے علاوہ چک نمبر277ر ب اور 278ر ب کے کاشتکاروں کے نمائندے اوروائس چیئرمین ضلع کونسل رانا ذوالفقاربھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے چک 277اور278کے کاشتکاروں کی نہری پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سربراہی میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ وہ محکمہ انہار کے متعلقہ افسران اورکاشتکاروں کے نمائندوں کے ہمراہ موقع کاوزٹ کرکے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبوداور ترقی کے لئے جامع اقدامات کررہی ہے لہذاانہیں مقامی سطح پر پانی کی عدم فراہمی سمیت دیگر درپیش مسائل کاازالہ ہونا چاہیے ۔انہوں نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

Related posts

Leave a Comment