کشمیر پل انڈر پاس کیلئے فنڈزجاری‘ فوری تکمیل کی ہدائت

فیصل آباد(نیوز لائن)حکومت پنجاب کی طرف سے کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کی جلد تکمیل کے لئے درکار فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں لہذا اس میگا پراجیکٹ کو کم سے کم مدت میں مکمل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے اس ضمن میں ڈبل شفٹ میں تعمیراتی کام جاری رہنا چاہیے جس کے لئے اضافی مشینری اور افرادی قوت کا بندوبست کیا جائے۔یہ بات سیکرٹری مواصلات وتعمیرات طاہر خورشید نے کشمیر پل انڈر پاس کی پیشرفت اور تعمیراتی معیار کامعائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈویڑنل کمشنر محمود جاویدبھٹی،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نے انڈر پاس کے مختلف حصے دیکھے اور منصوبے کے ڈیزائن کی تفصیلات کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 3ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ درختوں،بجلی کے کھمبوں یا یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے لئے تیزرفتار محکمانہ اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کینال روڈ پر ٹریفک کے دباو¿ اور اس کے بہاو¿ میں آسانی لانے کے لئے کشمیر پل انڈر پاس کا منصوبہ بڑی اہمیت وافادیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس بڑے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے درکار فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی پائیدار اور اعلیٰ معیار کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کے شفاف استعمال کی تاکید کی۔انہوں نے ڈویڑنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ انڈر پاس کے منصوبے کے تعمیراتی معیار کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور کسی قسم کی رکاوٹ کو فوری دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی معیار کسی لمحہ بھی سست یا معطل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ حکومت پنجاب اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے عوام کے لئے آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ڈویڑنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اورڈپٹی کمشنر محمد علی نے کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیراتی صورتحال اور درکار فنڈز سے آگاہ کیا جبکہ پراجیکٹ مینجر این ایل سی کرنل سعید اور ایف ڈی اے کے افسران نے منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ایک ارب 28کروڑ روپے سے مکمل کیا جارہا ہے۔بعد ازاں سیکرٹری مواصلات وتعمیرات طاہر خورشید نے ساہیانوالہ انٹرچینج سے لبرٹی پاوراسٹیشن چنیوٹ روڈ،فیڈمک علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ دورویہ شاہرات،لبرٹی پاوراسٹیشن سے چنیوٹ کی حدود تک سڑک کی مرمت وبحالی اور فیصل آباد چنیوٹ روڈ کو دورویہ بنانے کے منصوبوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فیصل آباد چنیوٹ روڈ کو دورویہ بنانے کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

Related posts