انجمن انسداد منشیات‘نشہ کی لعنت بھول کرڈینگی کیخلاف سرگرم


فیصل آباد( نیوزلائن)سرکاری چھتر چھایا میں بنی انجمن انسداد منشیات ‘ نشہ کی لعنت کیخلاف جنگ بھول کر ڈینگی کیخلاف گرلز سکولوں اور کالجوں میں’’ آگہی‘‘اقدامات کرنے میں سرگرم ہے۔انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیصل آباد نشہ کی لعنت بھول کر ڈینگی کیخلاف سرگرمی دکھانے کی کوشش میں مصروف ہے۔محکمہ سوشل ویلفیئر بھی نشہ کے خاتمے کیلئے سرکاری چھتر چھاؤں میں بنائی گئی تنظیم کو اس کا فریضہ یاد کروانے کی بجائے غیرمتعلقہ کاموں میں اس کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔نیوزلائن کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منشیات کے خاتمے کیلئے مخیر حضرات کی امداد حاصل کرنے کیلئے بنائی گئی انجمن انسداد منشیات اپنا بنیادی فریضہ منشیات کے خاتمے کیلئے کاوشیں کرنا بھلائے بیٹھی ہے ۔ طویل عرصہ سے انجمن انسداد منشیات نے نشہ لعنت بارے آگاہی سیمینار‘ انسدادی کارروائی نہیں کی ۔ انجمن سے اپنا فرض تو پورا ہو نہیں رہا مگر ڈینگی کیخلاف کام کے نام پر گرلز سکولوں اور کالجوں کے دورے کرنے میں سرگرم ہے۔انجمن انسداد منشیات نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نورالامین کالونی ملت روڑ میں سیمینار منعقد کیا مگر منشیات کیخلاف بنائی گئی ’’انجمن‘‘ کے سیمینار کا عنوان نشہ سے نفرت نہیں بلکہ ڈینگی کے خطرات تھا۔تقریب کے آرگنائزر سیکرٹری انجمن انسداد منشیات محمد انوار خاں تو اپنا فریضہ بھلے ہی تھے مگر تقریب کی مہمان خصوصی میڈیکل سوشل آفیسر عائشہ انجم اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے آفیسر کاشف نثار نے بھی انجمن کو اس کا فریضہ یاد کروانے کی بجائے ڈینگی کے خطرات اور انجمن کی واہ واہ پر ہی اکتفا کیا۔یہی نہیں انجمن نے مستقبل میں منشیات کی لعنت کو بھولے رکھنے اور ڈینگی پر ہی اپنا فوکس رکھنے کا اعلان کیا مگر کسی نے اس کو اسکا فریضہ یاد کرانے کی ضرورت محسوس نہ کی۔

Related posts

Leave a Comment