فیصل آباد میں پٹواریوں کا احتجاج جاری: اے سی سٹی بھی ڈٹ گئی


فیصل آباد(نیوزلائن)اے سی سٹی کی مبینہ گالی گلوچ کیخلاف فیصل آباد کے پٹواریوں کا احتجاج جاری ہے۔ مذاکرات میں مثبت رویہ نہ اپنانے پر ڈپٹی کمشنر کی بات بھی پٹواریوں نے مسترد کردی ہے اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب اے سی سٹی ڈاکٹر انعم بھی اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہیں اور پٹواریوں کیخلاف کارروائیاں روکنے کو تیار نہیں ہیں۔نیوزلائن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر انعم کی مبینہ گالی گلوچ اور ناروا روئیے کیخلاف سٹی سرکل کے پٹواریوں نے عید کی رات اچانک دھرنا دیدیا تھا۔ اس دھرنے کو ختم کروانے کیلئے قائمقام ڈپٹی کمشنر محبوب احمد رات گئے احتجاجی کیمپ میں پہنچے اور مذاکرات کے دوران اے سی سٹی کو ذہنی مریضہ اور اس طرح کے دیگر القابات سے نوازتے رہے۔ اسی موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر نے اے سی سٹی سے ریونیو اختیارات واپس لینے کا اعلان کیا اور پٹواریوں کا دھرنا ختم کروا دیا۔ عید کے تین دن بعد اچانک ہی قائمقام ڈپٹی کمشنر نے سرکاری میڈیا سے ایک خبر جاری کروا دی کہ اے سی سٹی سے ریونیو اختیارات واپس نہیں لئے گئے اور نہ ایسا کیا جائے گا۔ اس صورتحال میں پٹواریوں نے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا۔ ایک ہفتہ سے پٹواری ہڑتال کئے ہوئے ہیں اور تحصیل دفاتر میں احتجاجی کیمپ لگائے ہوئے ہیں۔ پٹواریوں نے ڈپٹی کمشنر کے آفس کے سامنے بھی احتجاج کیا اس موقع پر حج سے واپس آجانیوالے ڈپٹی کمشنر احمد فواد نے ان سے مذاکرات کئے مگر مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ ڈپٹی کمشنر سے مذاکرات ناکام ہونے پر پٹواریوں نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انجمن پٹواریاں کے ضلعی صدر قاسم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اے سی سٹی کو کام کرنا ہی نہیں آتا۔ ان کی بدزبانی کسی طور قابل برداشت نہیں ہے۔ گالی گلوچ کسی آفیسر کو زیب نہیں دیتی۔ ڈاکٹر انعم کی گالی گلوچ اور ناروا رویہ نے انہیں احتجاج پر مجبور کیا ہے اور انکا احتجاج اور ہڑتال اے سی سٹی ڈاکٹر انعم کے تبادلہ تک جاری رہے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اے سی سٹی ڈاکٹر انعم کرپشن میں بھی ملوث ہیں۔ ان کے آفس کے ملازمین اصغر کمال اور خلیل اے سی سٹی کیلئے پیسے اکٹھے کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اے سی سٹی کیلئے پیسے وصول کرنے والے ملازمین اصغر کمال اور خلیل کیخلاف بھی کارروائی کی جائے انہیں معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کی جائے ۔دوسری جانب اے سی سٹی ڈاکٹر انعم بھی اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہیں ۔ اے سی سٹی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کیساتھ بدتمیزی یا گالی گلوچ نہیں کی۔ پٹواریوں کے ڈیوٹی نہ کرنے پر ان سے جواب طلبی کی تو احتجاج شروع کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ خود کام کرتی ہیں اور ملازمین کو بھی فرائض سرانجام دینا ہونگے ۔۔ ان پٹواریوں کیلئے ڈیوٹی بھی گالی ہے جب میں خود محکمانہ احکامات کے مطابق تمام دن ڈیوٹی سرانجام دیتی ہو تو ان ملازمین کو بھی اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دینا ہونگے ۔ڈاکٹر انعم کا کہنا ہے کہ ان کا کسی سے کوئی ذاتی عناد نہیں ہے مگر ڈیوٹی نہ کرنے والوں سے بلیک میل بھی نہیں ہونگی۔

Related posts