پلانٹ فار پاکستان مہم: فیصل آباد میں 8لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ

فیصل آباد (نیوز لائن) وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں ڈویژن بھر میں 8 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس کا افتتاح محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام گٹ والا فاریسٹ پارک میں بیک وقت مختلف اقسام کے پانچ سو پودے لگا کر کیا گیا ۔ ڈویژنل کمشنر جاوید محمود بھٹی نے اس موقع پر گلاب کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا ۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجہیہ الدین احمد ‘ ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل ) مصور خان نیازی ‘ کنزرویٹر فاریسٹ سردار فدا حسین ‘ ڈائریکٹر فاریسٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ گٹ والا سردار ثناء‘ ڈی ایف او ریسرچ انوار الحق اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اپنے سٹاف اور سول سوسائٹی کے افراد کے ہمراہ پودے لگائے ۔ ڈویژنل کمشنر محمودجاوید بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے کیونکہ درختوں کی کمی پورا کرنے کے لئے وسیع بنیادوں پر شجرکاری کی ضرورت ہے لہذا ہر شہری کو پودا لگا کر اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سر سبز پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لئے عزم و جذبے کے ساتھ پودے لگا کر ان کی بھر پور انداز میں آبیاری کی جائے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ شجرکاری کے لئے شہریوں میں احساس و ترغیب پیدا کرنے کے لئے بھر پور آگاہی مہم پر عمل کریں اور درخت لگانے کے متعلق مکمل تکنیکی رہنمائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں چاروں اضلاع کی انتطامیہ پی ایچ اے ‘ مختلف سرکاری محکموں ‘ نجی اداروں کی طرف سے پودے لگا کر مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں گے اس سلسلے میں شجرکاری تحریک شروع کر دی گئی ہے ۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجہیہ الدین احمد نے بتایا کہ رواں شجرکاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار ‘ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو لاکھ 80 ہزار ‘ جھنگ میں دو لاکھ 75 ہزار اور ضلع چنیوٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی معلومات کے لئے ڈویژن کے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپس لگائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شجرکاری کی معلومات پر مبنی شہریوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں ۔

Related posts