ڈپٹی کمشنر اور سی پی اوکی کھلی کچہری: شکایات کے انبار لگ گئے

فیصل آباد (نیوز لائن) ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے میونسپل کمیٹی ڈجکوٹ میں کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو داد رسی کی ہدایت جاری کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول ، ایس پی معاذ ظفر و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے شہریوں کے محکمہ مال ،بعض علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال ‘ صحت ، منشیات فروشی ، سٹریٹ کرائمز اور دیگر نوعیت کے مسائل خندہ پیشانی سے سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام اور افسران کے مابین فاصلے ختم کرنا اور انہیں دہلیز پر میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت مشن ہے جس پر بھر پور انداز میں عمل پیرا ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ اپنے دفتر کے باہر بیٹھ کر عوام کے مسائل سنتے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ درخواستوں پر ہونے والی پیشترفت کی بھی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے علاوہ ازیں ہر جمعہ کو کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل حل کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں جا کر بھی کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں تاکہ عوامی مسائل ان کے گھروں کے نزدیک سن کر حل کئے جا سکیں اور انہیں دور دراز سفر نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل سے روگردانی کرنے والے محکموں کے افسران کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈجکوٹ کو بھی ترقیاتی دھارے میں شامل رکھا گیا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہچائیں گے ۔ سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا کہ امن و امان کا قیام ضلعی پولیس کی ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے شہریوں کے بعض مسائل سنتے ہوئے موقع پر موجود پولیس افسران کو میرٹ کے مطابق نمٹانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرکے انہیں قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے ۔ انہوں نے سٹریٹ کرائمز کی شکایات پر پولیس کو گشت بڑھانے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے میونسپل کمیٹی کے احاطہ میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت پودے بھی لگائے ۔

Related posts