مسائل حل کرنے میں ناکام پی ٹی آئی رہنماؤں کا علامتی جنازہ نکالنے کا اعلان

فیصل آباد (نیوز لائن) فیصل آبا دکے شہریوں نے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے پر وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے ایم این اے فرخ حبیب ‘ رکن پنجاب اسمبلی لطیف نذر اور پی ٹی آئی سے علق رکھنے والے وائس چیئر مین واسا شیخ شاہد جاوید کا علامتی جنازہ نکالنے کا اعلان کردیا۔ نیوز لائن کے مطابق یہ اعلان رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کے حلقہ انتخاب کے مکینوں نے کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی اور وائس چیئرمین واسا کو عوامی مسائل سے متعدد مرتبہ آگاہ کیا گیا انہوں نے عوام کومسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ مگر عوام کو دھوکہ دیا گیا ۔ علاقے میں جعلی طور پر سیورج لائن کا کام شروع کروایا اور کچھ عرصہ بعد ہی کام شروع کرنے والے سامان اٹھا کر رفو چکر ہو گئے ۔ علاقہ مکینوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیورج کی انتہائی دگرگوں کی صورتحال کی وجہ سے علاقے میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اور لوگ مررہے ہیں۔ کئی مرتبہ کی یقین دہانیوں کے باوجود پی ٹی آئی کے اس علاقے سے منتخب ہونیوالے ایم این اے فرخ حبیب ‘ ایم پی اے لطیف نذر اور وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے ان کے مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں کی۔ اب ہمارے لئے وہ مرچکے ہیں ۔ ہم جمعہ کو ان کا علامتی جنازہ نکالیں گے۔ علامتی جنازہ ان کے انتخابی حلقہ کے مرکزی علاقہ سے اٹھایا جائے گا ۔ علامہ اقبال کالونی’ ڈی ٹائپ کالونی’ برکت پورہ ‘دستگیر پورہ’ اقبال نگر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں سے گزارا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا علامتی جنازہ نکالے جانے کی مہم سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں چلائی جارہی ہے اور جمعہ تین جولائی کو دن گیارہ بجے علامتی جنازہ نکالے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مؤقف لینے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریب سمجھے جانیوالے ایم این اے میاں فرخ حبیب کے ساتھ رابطہ کیا گیا مگر وہ اس معاملے پر اپنا مؤقف دینے سے گریزاں رہے۔

Related posts