جھنگ ‘تحریک انصاف کی الیکشن میں اپ سیٹ کی تیاری


جھنگ (نیوزلائن)پی ٹی آئی نے جھنگ میں بڑا اپ سیٹ کرنے کا انتظام کر لیا۔ امریکہ میں پاکستان کی سابق سفیرعابدہ حسین کوشاہ جیونہ کی بجائے جھنگ شہر کے حلقے میں مسلم لیگ ن کے رہنما اکرم شیخ کے مقابل الیکشن لڑانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ عابدہ حسین نے بھی حامی بھر لی۔ نیوزلائن کے مطابق معروف سیاسی رہنما عابدہ حسین پی پی پی سے عملی طور پر کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں اور پی ٹی آئی قیادت سے ان کی نزدیکیاں زبان زد عام ہیں۔ عابدہ حسین اپنے آبائی علاقے شاہ جیونہ کے حلقے سے الیکشن میں حصہ لیتی رہی ہیں شاہ جیونہ اور لالیاں پر مشتمل اس حلقے سے وہ متعدد بار جیت بھی چکی ہیں مگر اس مرتبہ پی ٹی آئی نے عابدہ حسین کو شاہ جیونہ اور لالیاں پر مشتمل دیہی حلقے کی بجائے جھنگ شہر سے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔جھنگ کے قومی اسمبلی کے اس حلقے کو مسلم لیگ ن کے ایم این اے اکرم شیخ کا حلقہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم عابدہ حسین کے اس حلقے سے امیدوار بننے کی صورت میں جھنگ میں اپ سیٹ ہو سکتا ہے ۔ عابدہ حسین ممکنہ طور پر اکرم شیخ کیلئے چیلنج ثابت ہوں گی۔ پی ٹی آئی کا ووٹ بنک بھی انہیں ملنے کی صورت میں وہ اکرم شیخ کو شکست دینے کی پوزیشن میں بھی ہو سکتی ہیں۔

Leave a Comment