روزنامہ 92 نیوز فیصل آباد سے چھانٹیوں کی مذمت: اشتہارات بند کرنے کا مطالبہ

فیصل آباد (نیوزلائن) فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ 92نیوز فیصل آباد سے سٹاف کو فارغ کئے جانے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزنامہ 92نیوز فیصل آباد کے ہرطرح کے سرکاری اشتہارات بند کئے جائیں اور اخبار کے پبلشر حیدر امین کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر ندیم جاوید، جنرل سیکرٹری ذیشان خان اور دیگر عہدیداران نے اپنے بیان میں کہا کہ روزنامہ 92 نیوز فیصل آباد کے سٹاف کو فارغ کرنے کا صاف صاف مطلب یہ ہے کہ اخبار کے پبلشر حیدر امین اخبار کو ڈمی چھاپنا چاہتے ہیں۔ روزنامہ 92نیوز فیصل آباد کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ، رپورٹرز، سب ایڈیٹرز، فوٹو گرافراور دیگر عملے کو فار غ کئے جانا انتہائی افسوسناک اور ظالمانہ اقدام ہے۔ عید الضحیٰ کی آمد کے موقع پر اخبار کے پبلشر حیدر امین جو معروف صنعتکار میاں حنیف کسان گھی ومدینہ شوگر ملز وسٹیل ملز کے مالک ہیں کے ساتھ ساتھ اخبار کے گروپ ایڈیٹر ارشاد عارف کے اس ظالمانہ اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر عملے کے ڈمی اخبار کی چھپائی کرنا بذات خود قانون کی خلاف ورزی اور سنگین جرم ہے جس پر پبلشر کے خلاف قانونی کارروائی کی جانا چاہئے۔ ایف یو جے کے عہدیداروں نے وفاقی و صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ روزنامہ 92نیوز فیصل آباد کو ہر طرح کے اشتہارات کا اجراء بند کیا جائے اور اسے بلیک لسٹ میں ڈالا جائے۔ جبکہ ڈمی اخبار کی چھپائی کرنے والے پرنٹنگ پریس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Related posts